حیدرآبادسوشیل میڈیا

آصف جاہ ثامن مکرم جاہ بہادر کا جسد خاکی سپرد لحد

ان کی نماز جنازہ اسی مسجد میں بعد عصراداکی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آصف جاہی خاندان کے افراد، مختلف ٹرسٹوں کے ذمہ داروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اوران کی خدمات کو خراج پیش کیا۔

حیدرآباد: آصف جاہ ثامن نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کو آج بادیدہ نم ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں شہرحیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں واقع مقابر آصفیہ میں ان کے والد پرنس آف برار نواب میرحمایت علی خان اعظم جاہ بہادر کی قبرکے پہلو میں سپرد لحد کردیاگیا۔

متعلقہ خبریں
مکہ مسجد کا لاؤڈ اسپیکر منقطع کیا جاناسنگین غلطی: مشتاق ملک
مکہ مسجد بم دھماکہ کے 16 سال مکمل، مہلوکین کے ورثاء انصاف سے محروم

ان کی نماز جنازہ اسی مسجد میں بعد عصراداکی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آصف جاہی خاندان کے افراد، مختلف ٹرسٹوں کے ذمہ داروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اوران کی خدمات کو خراج پیش کیا۔

قبل ازیں مکرم جاہ بہادرکی میت کو عوام کے آخری دیدار کے لئے چہارشنبہ کی صبح رکھاگیاجبکہ کل شام اہم شخصیات نے چومحلہ پیالیس پہنچ کر ان کی میت کاآخری دیدار کیا اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

دربار ہال کے ایک حصہ میں آصف جاہ ثامن کی مغفرت کے لئے مسلسل قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا جہاں پر مرد و خواتین قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ بعدنماز ظہر غسل اور تجہیز و تکفین انجام دی گئی۔ دربار ہال کے بازو کھلی جگہ پر غسل اور تجہیز و تکفین کے انتظامات کئے گئے تھے۔

 میت پر بصد احترام پرچم آصفی رکھاگیا تھا۔پولیس کے دستہ نے سلامی بھی دی۔3.30بجے سہ پہر چومحلہ پیالیس سے جلوس جنازہ کی روانگی عمل میں آئی۔ ان کا جنازہ مکہ مسجد لے جایاگیا۔ ہزاروں افراد کے ہجوم کے پیش نظر نماز جنازہ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں منبر کے قریب ادا کی گئی۔

چار بجے تک مکہ مسجد کی ابتدائی پانچ صفیں مکمل ہوگئی تھیں۔ مکہ مسجد کے فانوس جو ہر سال اہم راتوں جیسے شب معراج، شب برات اور شب قدر کے علاوہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر کھولے جاتے ہیں، بطور خاص آج کھولے گئے تھے۔

پرانا شہر کے کئی علاقوں میں آج سیاہ جھنڈیاں بطور سوگ لگائی گئی تھیں۔پرانا شہر کے کئی مقامات پر دکانات اور تجارتی ادارے رضاکارانہ طورپر بند رہے۔کئی دکانات پر فلکسی لگاتے ہوئے مکرم جاہ کو بھرپورخراج پیش کیاگیا۔