جنگ زدہ ایران سے 110 طلبہ کا انخلاء۔ حکومت ہند کا بروقت اقدام
جموں وکشمیر کے 90 طلبہ سمیت کم ازکم 110 ہندوستانی طلبہ جنگ زدہ ایران سے آج رات دہلی پہنچیں گے۔ مرکزی حکومت نے انہیں نکالنے کیلئے ایک آپریشن شروع کیا ہے۔

نئی دہلی (منصف نیوز ڈیسک) جموں وکشمیر کے 90 طلبہ سمیت کم ازکم 110 ہندوستانی طلبہ جنگ زدہ ایران سے آج رات دہلی پہنچیں گے۔ مرکزی حکومت نے انہیں نکالنے کیلئے ایک آپریشن شروع کیا ہے۔
دوحہ میں ایک ایرپورٹ سے حاصل ہونے والے ویڈیوز میں طلبہ کو ایک کنکٹینگ انڈیگو پرواز میں سوار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جموں وکشمیر اسٹوڈنٹ اسوسی ایشن (جے کے ایس اے) نے اپنے ایک بیان میں بروقت انخلاء کی کوشش پر وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے اظہار تشکر کیا ہے۔
جے کے ایس اے نے کہا کہ اُسے امید ہے کہ باقی تمام طلبہ کا بھی جلد انخلاء کرالیا جائے گا۔ طلبہ تنظیم نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ پروازوں کے تمام ٹکٹ جن میں دہلی تا سری نگر پرواز بھی شامل ہے، مرکزی حکومت نے ان کا مفت انتظام کیا ہے۔
تنظیم نے کہا کہ ہم بلاخلل اور گھر واپسی کے مکمل سفر کو یقینی بنانے کی اس کوشش کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ انخلاء کرائے جانے والے طلبہ کا پہلا گروپ جن میں اُرمیا میڈیکل یونیورسٹی کے 110 طلبہ بھی شامل ہیں، بحفاظت آرمنیا میں داخل ہوچکے ہیں۔
یو این آئی کے بموجب حکومت ہند نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایران میں ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کے لیے آپریشن سندھو شروع کیا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق حکومت ہند گزشتہ کئی دنوں سے ایران سے ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
پہلے قدم کے طور پر، ہندوستانی سفارت خانے نے شمالی ایران سے 110 ہندوستانی طلباء کو نکالا ہے، جس سے انہیں 17 جون کو آرمینیا میں بحفاظت داخل ہونے میں مدد فراہم کی ہے۔ طلباء نے ایران اور آرمینیا میں ہمارے مشنز کی نگرانی میں سڑک کے ذریعے آرمینیا کے دارالحکومت یریوان کا سفر کیا ہے۔
یہ طلباء 18 جون کو 1455 بجے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے یریوان سے روانہ ہوئے اور آپریشن سندھو کے ابتدائی مراحل کے حصے کے طور پر 19 جون کی ابتدائی ساعتوں میں نئی دہلی پہنچیں گے۔حکومت ہند نے ایران اور آرمینیا کی حکومتوں سے انخلاء کے عمل کو آسانی سے سہولت فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان بیرون ملک ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔
جاری آپریشن کے ایک حصے کے طور پر، ایران میں ہندوستانی سفارت خانہ ہندوستانی شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو بڑھتے ہوئے خطرہ والے علاقوں سے ملک کے اندر نسبتاً محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے اور بعد میں دستیاب اور قابل عمل آپشنز کا استعمال کرتے ہوئے انہیں نکالنے میں مدد کر رہا ہے۔ایران میں ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تہران میں ہندوستانی سفارت خانے کی ہنگامی ہیلپ لائنز اور نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے ذریعہ قائم کردہ 24 گھنٹے کنٹرول روم کے ذریعے رابطے میں رہیں۔