دہلی

دہلی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ کو سڑک پر گھسیٹا گیا

ملیوال نے بتایا کہ اس مرتبہ وہ ڈرائیور کی جانب کی کھڑکی سے اس کے پاس پہنچیں تاکہ اسے ڈانٹ ڈپٹ کرسکیں لیکن اس شخص نے فوری کھڑکی کا شیشہ چڑھادیا اور پھر ان کا ہاتھ اندر پھنس گیا۔

نئی دہلی: دہلی کمیشن برائے خواتین (ڈی سی ڈبلیو)کی چیرپرسن سواتی ملیوال نے آج بتایا کہ ایمس کے باہر جب ان کا ہاتھ ایک گاڑی کی کھڑکی میں اٹک گیا تو اس کا ڈرائیور جو حالت ِ نشہ میں تھا‘ انہیں 10 تا 15میٹر تک گھسیٹتا ہوا لے گیا۔

متعلقہ خبریں
سونیا گاندھی نے معطل ارکان کے احتجاج میں حصہ لیا
دہلی سانحہ: ہرمتوفی کے خاندان کو ایک کروڑ روپئے معاوضہ دینے کا مطالبہ: سواتی مالیوال
سواتی ملیوال حملہ کیس، ببھو کمار 4 روزہ عدالتی تحویل میں
نابالغ ریسلر کی شناخت کا افشاء، پولیس کو ڈی سی ڈبلیو کی نوٹس

یہ واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا جب ڈی سی ڈبلیوکی چیرپرسن اپنی ٹیم کے ساتھ دہلی میں خواتین کی سیکوریٹی کی صورتِ حال کا مشاہدہ کرنے نکلی تھیں۔ ٹیم کے ارکان کو ان سے کچھ فاصلہ پر ٹھہرایا گیا تھا۔ ملیوال نے کہا کہ ایمس کی گیٹ نمبر 2 کے باہر کار اُن کے روبرو آکر رکی اور ڈرائیور نے ان سے اندر بیٹھنے کے لئے کہا۔

 انکار کرنے پر ڈرائیور آگے چلا گیا اور پھر واپس آیا اور ایک بار پھر ان سے گاڑی میں بیٹھنے کے لئے کہا۔ ملیوال نے بتایا کہ اس مرتبہ وہ ڈرائیور کی جانب کی کھڑکی سے اس کے پاس پہنچیں تاکہ اسے ڈانٹ ڈپٹ کرسکیں لیکن اس شخص نے فوری کھڑکی کا شیشہ چڑھادیا اور پھر ان کا ہاتھ اندر پھنس گیا۔

 پھر وہ 10 تا 15میٹر انہیں گھسیٹتا ہوا لے گیا۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ ایک پٹرولنگ گاڑی نے انہیں ایمس کے روبرو صبح 3:05 بجے فٹ پاتھ پر ٹھہری ہوئی دیکھا اور وہاں رک کر ان سے دریافت کیا کہ آیا وہ مصیبت میں ہیں؟ ملیوال نے اپنی بپتا سنائی جس کے بعد اُس گاڑی اور اس کے ڈرائیور کا پتہ چلایا۔

 جنوبی دہلی کے سنگم وہار کے رہنے والے 47 سالہ شخص ہریش چندر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس(ساؤتھ) چندن چودھری نے کہا کہ تعزیرات ِ ہند کی دفعہ 323‘ 341‘ 354‘ 509 اور موٹر وہیکلس ایکٹ کی دفعہ 185 کے تحت کوٹلہ مبارک پور اسٹیشن میں ایک کیس ڈی سی ڈبلیو سربراہ کی شکایت کی اساس پر درج کیا گیا۔ ملیوال نے ٹویٹر پر ہندی میں لکھا کہ کل رات میں دہلی میں خواتین کی حفاظت و سلامتی کی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی تھی۔

ایک کار ڈرائیو ر نے جو حالت ِ نشہ میں تھا‘ مجھے ہراساں کیا اور جب میں نے اسے پکڑلیا تو اس نے کار کی کھڑکی میں میرا ہاتھ پھنسادیا اور مجھے گھسیٹتا ہوا  لے گیا۔ بھگوان نے میری جان بچائی۔

اگر دہلی میں خواتین کمیشن کی چیرپرسن محفوظ نہیں تو پھر کوئی بھی صورتِ حال کا اندازہ کرسکتا ہے۔ قومی کمیشن برائے خواتین نے اس معاملہ میں دہلی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔