حیدرآباد

قرآن مجید میں پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت اور کامیابی و کامرانی کا سامان موجود ہے: مولانا حافظ پیر شبیر احمد

صدر جمعیت تلنگانہ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قرآنِ حکیم اللہ تعالی کی نازل کردہ کتاب ہے، جس میں پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت اور کامیابی و کامرانی کا سامان موجود ہے۔

حیدرآباد: صدر جمعیت تلنگانہ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قرآنِ حکیم اللہ تعالی کی نازل کردہ کتاب ہے، جس میں پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت اور کامیابی و کامرانی کا سامان موجود ہے۔ یہ کتاب بندوں کو خالق سے ملاتی ہے، گمراہوں کو صراطِ مستقیم کا پتہ بتاتی ہے، اور اجڑے دلوں میں ایمان و یقین کے سبزے اگاتی ہے۔

متعلقہ خبریں
علماء اور اسلاف کی جہد و جہد اور قربانیوں کے بغیر آزادی کا تصور ناممکن ہے: حافظ پیر شبیر احمد
درود شریف کی فضیلت، ہر عبادت میں قبولیت کا امکان مگر درود شریف ہمیشہ قبول ہوتا ہے: مولانا حاظ پیر شبیر احمد
اللہ کے نزدیک عزت کا معیار صرف تقویٰ ہے، مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا بیان
نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے: صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کا مطالبہ
حیدرآباد: مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے نبی ﷺ کی تعلیمات پر زور دیا

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن دل و جگر کو تقوی و طہارت کے نور سے منور کرتا ہے، مایوسی میں ڈوبی ہوئی زندگیوں میں امید و آس کی شمع روشن کرتا ہے، اور روحانی و جسمانی امراض کا صفایا کرتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ انسانوں کی رشد و ہدایت کے لیے متعدد صحیفے نازل کیے گئے ہیں، لیکن قرآن کریم کا امتیازی وصف یہ ہے کہ اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تعالی نے لے رکھی ہے۔

مولانا نے کہا کہ اللہ تعالی نے لاکھوں کی تعداد میں حفاظ، قرا، علما و مفسرین پیدا کر دیے ہیں، جو دن رات قرآن کی تلاوت، پڑھائی اور سمجھنے میں مشغول رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم دنیا کی تمام کتابوں سے بہر اعتبار فائق و برتر ہے، اور اس کی صداقت و حقانیت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔” مولانا نے وضاحت کی کہ قرآن سیکھنے اور سکھانے میں اس کی تلاوت، تفسیر، اور حفظ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو شخص قرآن کو آگے رکھے گا، اسے جنت میں لے جایا جائے گا، اور جو اسے پسِ پشت ڈال دے گا، وہ جہنم میں کھینچا جائے گا۔ مولانا نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں صحیح علم اور عمل کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین۔