حیدرآباد

نمائش گراؤنڈ میں درگا دیوی کی مورتی کو نقصان پہونچایا گیا، نامعلوم شرپسندوں کی کارستانی

منتظمین کا ماننا ہے کہ نامعلوم شرپسندوں کی یہ کارروائی منصوبہ بند لگتی ہے، بتایا جاتا ہے کہ مورتی کے قریب تعینات چوکیدار، واش روم گیا تھا تب شرپسندوں نے مورتی توڑ دی۔

حیدرآباد: شہر کے نامپلی علاقہ میں نمائش گراونڈ پر نصب پنڈال میں نامعلوم شرپسندوں نے درگادیوی کی مورتی کو نقصان پہونچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی شب یہ واقعہ پیش آیا مگر منتظمین آج صبح جب پنڈال پہونچے تو یہ واقعہ جمعہ کے روز منظر عام پر آیا۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

اطلاع ملنے کے بعد بیگم بازار پولیس اسٹیشن کے عہدیدار مقام واقعہ پہونچ گئے۔ شہر کے قلب میں پیش آئے اس بدبختانہ واقعہ کے بعد کشیدگی پھیل گئی اور منتظمین نے احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے اس واقعہ میں ملوث شرپسندعناصر کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔

دیوی شرن نوراتری تقاریب کے حصہ کے طور پر ہر سال آل انڈیا انڈسٹریل اکزبیشن سوسائٹی اور اسٹاف کی جانب سے دیوی کی مورتی ایستادہ کی جاتی ہے۔ جمعرات کی شب یہاں دانڈیا پروگرام منعقد ہوا تھا۔ پروگرام کے اختتام تک یہاں پولیس موجود تھی۔

 اے سی پی (عابڈس) اے چندر شیکھر نے کہا کہ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ایسا ماننا جاتا ہے کہ مورتی کو نقصان پہونچانے کیلئے شرپسندوں نے برقی سربراہی منقطع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کو تباہ کردیا۔

منتظمین کا ماننا ہے کہ نامعلوم شرپسندوں کی یہ کارروائی منصوبہ بند لگتی ہے، بتایا جاتا ہے کہ مورتی کے قریب تعینات چوکیدار، واش روم گیا تھا تب شرپسندوں نے مورتی توڑ دی۔

بتایا جاتا ہے کہ شرپسندعناصر نے مورتی کے ہاتھ توڑ دئیے، مورتی کو پہنائی گئی ساڑی اور دیگر اشیاء کو گراونڈ پر پھینک دیا۔ نمائش سوسائٹی کے منتظمین ہر سال نمائش گروانڈ پر دسہرہ تہوار کا اہتمام کرتے ہیں۔ منتظمین نے مورتی کو نقصان پہونچانے کے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا۔

2ماہ کے کم عرصہ کے دوران شہر میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 27/ اگست کو بھولکشمی مندر میں مورتیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ یہ واقعہ سنتوش نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں رکھشا پورم میں پیش آیا تھا۔ پولیس نے اس کیس میں دوشرابیوں کو گرفتار کرلیا۔