عراقی حکومت سویڈن کے سفارت خانے پر حملہ کی اجازت نہیں دے گی
وزارت خارجہ کی طرف سے یہ بیان اس واقعہ کے ایک دن بعد آیا جس میں سینکڑوں مظاہرین نے بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا۔
بغداد: عراقی حکومت نے ہفتے کے روز ملک میں موجود سفارتی مشنوں کو تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلانے کی کوشش کی ہے۔ عراقی حکومت نے کہا کہ وہ سویڈن کے سفارت خانے پر حملے کی تکرار کی اجازت نہیں دے گی۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے یہ بیان اس واقعہ کے ایک دن بعد آیا جس میں سینکڑوں مظاہرین نے بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا۔
مظاہرین نے اسٹاک ہوم میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے منصوبے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سفارتخانہ کی عمارت میں آگ لگا دی تھی۔ سویڈن میں قرآن کریم کی پھر بے حرمتی کے بعد عراق نے سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کر دیا ہے۔
عراقی وزارت خارجہ نے کہا کہ عراقی حکومت ویانا کنونشن کی پوری طرح پابند ہے جو ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو منظم کرتا ہے اور تمام رہائشی سفارتی مشنوں کو ان کی سلامتی اور تحفظ کا یقین دلاتا ہے۔ بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کے ساتھ جو ہوا اسے دہرایا نہیں جا سکتا۔ اسی طرح کا کوئی بھی عمل قانونی جوابدہی سے مشروط ہو گا۔