حکومت کرناٹک نے سابق بی جے پی کے دور میں نافذ ایک اور بل کو منسوخ کردیا
زراعت کی مارکیٹنگ کے وزیر شیوانند پاٹل نے یہاں کابینہ کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ "ہم نے کہا تھا کہ ہم اے پی ایم سی ایکٹ میں تبدیلیاں کریں گے۔ کابینہ نے نئے بل کی منظوری دے دی ہے۔
بنگلورو: کرناٹک میں حکمراں کانگریس حکومت نے ریاست میں سابقہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دور حکومت میں نافذ زرعی پیداوار مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
زراعت کی مارکیٹنگ کے وزیر شیوانند پاٹل نے یہاں کابینہ کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ "ہم نے کہا تھا کہ ہم اے پی ایم سی ایکٹ میں تبدیلیاں کریں گے۔ کابینہ نے نئے بل کی منظوری دے دی ہے۔ اسے آئندہ اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔‘‘
مسٹر پاٹل نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت میں نافذ کی گئی ترامیم کی وجہ سے سرکاری ملکیتی اے پی ایم سی کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ "مجموعی طور پر اے پی ایم سی بازاروں سے تقریباً 680 کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی تھی، جو کم ہو کر تقریباً 200 کروڑ روپے پر آگئی ہے۔ ہمیں اس گراوٹ کو روکنے اور مارکیٹوں کی آمدنی بڑھانے کی ضرورت ہے، اس لیے ایک نیا قانون لانا ضروری ہے۔