بنسی لال پیٹ میں سیڑھیوں والی باؤلی کی عظمت رفتہ بحال
کے ٹی آر نے اس پراجکٹ کی تکمیل پرمسرت کا اظہار کیااورکہاکہ اس کاز میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں کا تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہاکہ اس کنویں کی تزئین نوکے دوران اس باؤلی میں 3,900 میڑک ٹن کچرہ اورملبہ ومٹی نکالی گئی۔

حیدرآباد: حیدرآبادکے شاندار‘متنوع ثقافت کوآج اس وقت زبردست تقویت ملی جبکہ ریاستی وزیر بلدی نظم نسق وشہری ترقیات کے ٹی آر نے سکندرآباد کے بنسی لال پیٹ میں تاریخی سیڑھیوں والی باؤلی کی عظمت رفتہ کوبحال کیا۔ حکومت تلنگانہ نے 17 ویں صدی کی(دورنظام) اس باؤلی کی تزئین نوکی۔
یہ باؤلی خستہ حال اور کوڑاکرکٹ سے بھری پڑی تھی۔ کسی زمانہ میں اس کنویں کاپانی‘پینے کے لئے استعمال کیاجاتاتھا لیکن بعد میں اس کو نظر انداز کردیاگیا اور اس سیڑھیوں والی باؤلی کو کوڑا کرکٹ‘ مٹی سے بھردیا گیا۔محکمہ بلدی نظم نسق وشہری ترقیات اس کنویں کو سیاحت کا پرکشش مقام اور اس کوثقافتی مرکز بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ نے اس تزئین شدہ کنویں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس پراجکٹ کی تکمیل پرمسرت کا اظہار کیااورکہاکہ اس کاز میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں کا تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے کہاکہ اس کنویں کی تزئین نوکے دوران اس باؤلی میں 3,900 میڑک ٹن کچرہ اورملبہ ومٹی نکالی گئی۔
تزئین نوکے اس پراجکٹ کے حصہ کے طورپر یہاں ایک میوزیم‘کیفٹر کیفٹیریا‘ایمفی تھیڑقائم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے مختلف مقامات پر تمام سیڑھیوں والی 43 باؤلیوں کی عظمت رفتہ بحال کی جائے گی۔ آغاخان کلچر ٹرسٹ نے حالیہ دنوں گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں 6تاریخی سیڑھیوں والی باؤلیوں کی تزئین نوکی ہے۔
بنسی لال پیٹ کی اس باؤلی میں سالانہ 35لاکھ لیٹر بارش کے پانی کے ذخیرہ کی گنجائش ہے۔این ایس ایس کے مطابق ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق وشہری ترقیات وانڈسٹریز کے ٹی آر نے پیر کے روزبنسی لال پیٹ سکندرآبادمیں تزئین شدہ سیڑھیوں والی باؤلی کاافتتاح کیا۔
اس موقع پراپنے خطاب میں کے ٹی آر نے کہاکہ کوئی بھی شہر‘پختہ عمارتوں‘سڑکوں اورفلائی اوورس سے نہیں بلکہ یادگاروں‘ تاریخی ڈھانچوں اور کلچر سے یادکیاجاتا ہے۔
انہوں نے مقامی عوام پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی تزئین شدہ سیڑھیوں والی باؤلی کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کریں اور اس مقام کو سیاحتی مرکز کے طورپر فروغ دینے کی مساعی انجام دیں اور اس کنویں کوسیاحت کااثاثہ بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ساہیتہ تنظیم کیساتھ مل کر اس سیڑھوں والی باؤلی کی عظمت رفتہ کوبحال کیا ہے جس پر 10کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں اس باؤلی کوایک ٹورسٹ پلازہ کے طورپر فروغ دیاگیا اس سیڑھیوں (اسٹیپ ویل) والی باؤلی سے کیچڑ‘کچرہ اور مٹی کی نکاسی کے دوران دستیاب آلات کونمائش کیلئے رکھا جائے گا۔
پروگرام میں وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو‘جی ایچ ایم سی مئیر گدوال وجئے لکشمی‘اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم نسق وشہری ترقیات اروندکمار اور دیگر موجود تھے۔