پاکستان کی قومی اسمبلی تحلیل کردی گئی
پاکستان کے صدر جمہوریہ عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر قومی اسمبلی کو اپنی پانچ سالہ مدت پوری ہونے سے تین روز قبل تحلیل کر دیا۔
اسلام آباد: پاکستان کے صدر جمہوریہ عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر قومی اسمبلی کو اپنی پانچ سالہ مدت پوری ہونے سے تین روز قبل تحلیل کر دیا۔
ڈان اخبار نے آج اطلاع دی ہے کہ چہارشنبہ کی نصف شب سے عین قبل، صدر جمہوریہ کے دفتر سے ایک بیان جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ "صدر عارف علوی نے وزیر اعظم کے مشورے پر آرٹیکل 58(1) کے تحت قومی اسمبلی کو تحلیل کر دیا ہے۔” اس اعلان کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ گورنر ملک عبدالولی نے انہیں صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا خط بھیجا ہے۔
ڈان اخبار نے بزنجو کے حوالے سے بتایا، "مجھے بلوچستان اسمبلی کو تحلیل کرنے کا مشورہ بھیجنے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔” تاہم، انہوں نے کہا کہ وہ 12 اگست (ہفتہ) کو ایک سرکلر پر دستخط کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء، ابھی سندھ کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔