مسجد نبویؐ رمضان المبارک میں لاکھوں زائرین کے استقبال کیلئے پوری طرح تیار: عبدالرحمن السدیس
شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے رمضان المبارک کے دوران تمام اداروں کے باہم تعاون پر زور دیتے ہوئے اس بات کی تاکید کی ہے کہ زائرین مسجد نبوی صلوآلہ وسلم خوشگوار یادیں اور بہترین تجربہ لے کر جائیں۔
ریاض: مسجد نبویؐ میں حرمین شریفین انتظامیہ میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے رمضان المبارک کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے رمضان المبارک کے دوران تمام اداروں کے باہم تعاون پر زور دیتے ہوئے اس بات کی تاکید کی ہے کہ زائرین مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوشگوار یادیں اور بہترین تجربہ لے کر جائیں۔
شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد نبویؐ رمضان المبارک میں لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے خدمات فراہم کرنے والوں اداروں پر زور دیا ہے کہ زائرین مسجد نبویؐ کو بہترین ایمانی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ پرسکون ماحول میں عبادت کرسکیں۔
یاد رہے کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آنے والے زائرین کو بہترین خدمات کی فراہمی کے منصوبے کا آئندہ ہفتے اعلان کیا جائے گا۔
شیخ عبد الرحمن السدیس نے مسجد نبویؐ میں اپنے دفتر میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دینی قیادتوں اور اداروں کے سربراہوں کی موجودگی میں اس بات پر زور دیا ہے کہ زائرین مسجد نبویؐ کے لیے دینی آگاہی، علمی دروس اور دیگر خدمات کو یقینی بنایا جائے۔