حیدرآباد

درود و سلام سے نیکیوں کا پلڑا وزنی ہوگا: مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری کا خطاب

لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے صدر دفتر، روڈ نمبر 12، بنجارہ ہلز میں منعقدہ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے درود و سلام کی عظمت اور اس کے روحانی فوائد پر روشنی ڈالی۔

حیدرآباد: لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے صدر دفتر، روڈ نمبر 12، بنجارہ ہلز میں منعقدہ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے درود و سلام کی عظمت اور اس کے روحانی فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درود و سلام نہ صرف نیکیوں کا پلڑا بھاری کرتا ہے بلکہ بندے کی مغفرت اور بخشش کا بھی ذریعہ بنتا ہے۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

مولانا صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادتِ باسعادت انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے، اور اہل محبت 12 ربیع الاول کو بطور عید میلاد النبی ﷺ بڑی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ انہوں نے احادیث و روایات کے حوالہ سے بتایا کہ نبی کریم ﷺ نے خود فرمایا کہ 12 ربیع الاول وہ دن ہے جس دن ان کی ولادت ہوئی اور اسی دن ان پر وحی نازل ہوئی۔

مولانا نے مختلف ائمہ کرام و مؤرخین کے حوالے سے اس تاریخ کی تصدیق بھی پیش کی، جن میں امام ابن اسحاق، امام ابن ہشام، امام طبری، اور امام ابن کثیر شامل ہیں۔

نشست کے دوران انہوں نے درود شریف کے حوالے سے چند ایمان افروز واقعات بھی بیان کیے:

امام قسطلانیؒ کی روایت کے مطابق قیامت کے دن جب ایک مومن کی نیکیاں کم ہوں گی، تو نبی اکرم ﷺ خود اس کے میزان میں درود شریف کا پرچہ رکھیں گے، جس سے نیکیوں کا پلڑا بھاری ہو جائے گا۔

امام جزولیؒ کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بیان کیا گیا جس میں ایک بچی کے درود شریف کی برکت سے کنویں کا پانی ابالنے لگا۔ اسی واقعہ سے متاثر ہو کر انہوں نے ‘دلائل الخیرات’ جیسی عظیم کتاب مرتب کی۔

امام ابن حجر مکیؒ نے ایک خواب کا ذکر کیا جس میں درود شریف کی کثرت کے سبب ایک شخص کی مغفرت ہوئی۔

حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا کے نکاح کے وقت درود شریف کو مہر کے طور پر پڑھنے کی روایت بھی پیش کی گئی۔

امام شرف الدین بوصیریؒ کا قصیدہ بردہ شریف بھی ذکر کیا گیا جو فالج کے مرض سے شفا کا ذریعہ بنا اور رسول اکرم ﷺ نے خواب میں ان پر خوشنودی کا اظہار کیا۔

نشست کا اختتام اس دعا کے ساتھ ہوا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو نبی کریم ﷺ پر کثرت سے درود بھیجنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے دلوں کو عشقِ رسول ﷺ سے منور کرے۔