اسوۂ حسنہ پر عمل آوری ہی میں دنیا و آخرت کی سرخروئی کا راز: مفتی وجیہ اللہ سبحانی کا درسِ قرآن میں خطاب
الانصار فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام جامع مسجد محبوبیہ، ریاست نگر میں درسِ قرآن کی ۱۲۴ ویں نشست کا انعقاد ہوا۔
حیدرآباد: الانصار فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام جامع مسجد محبوبیہ، ریاست نگر میں درسِ قرآن کی ۱۲۴ ویں نشست کا انعقاد ہوا۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مفتی حافظ محمد وجیہ اللہ سبحانی نقشبندی قادری چشتی نے فرمایا کہ قرآن مجید کا معجزہ آج تک برقرار ہے اور کوئی اس کی مثل لانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
انہوں نے سورۃ بنی اسرائیل، سورۃ بقرہ، اور سورۃ ہود کی آیات کی روشنی میں قرآن کے چیلنج کا ذکر کیا کہ انسان اور جنات مل کر بھی اس کی مانند ایک آیت نہیں بنا سکتے۔
مفتی صاحب نے کہا کہ ایمان لانے والوں اور نیک اعمال کرنے والوں کے لیے جنت کی خوشخبری ہے، جہاں انہیں بہترین نعمتیں ملیں گی۔ انہوں نے فرمایا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
درس کے آغاز میں قاری محمد محبوب علی قریشی کی تلاوت اور ڈاکٹر قاری طیب پاشاہ کی نعت نے سامعین کے دلوں کو گرمادیا۔ اس موقع پر جناب محمد عبد القیوم عرف چھوٹے میاں کی جانب سے شرکاء کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
یہ نشست عوام الناس کی کثیر تعداد میں شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔