مہاراشٹرا
ٹرینڈنگ

برتھ ڈے پارٹی منانے دبئی نہ لے جانے پر بیوی نے شوہر کی ناک پر ایسا گھونسا مارا کہ۔۔۔!!!

رینوکا چاہتی تھی کہ وہ دبئی میں اپنی برتھ ڈے پارٹی منائے اور نکھل سے مطالبہ کررہی تھی کہ وہ اسے دبئی ٹرپ پر لے جائے۔ اس کے علاوہ وہ نکھل سے اپنے لئے مہنگے برتھ ڈے گفٹس کا بھی مطالبہ کررہی تھی

پونے: ایک چونکا دینے والے واقعے میں ایک 36 سالہ شخص کی اس وقت موت ہوگئی جب اس کی بیوی نے اسے اس کی ناک پر گھونسا رسید کردیا کیونکہ شوہر نے اسے اس کی سالگرہ کے موقع پر دبئی لیجانے سے انکار کردیا تھا۔ یہ واقعہ جمعہ کے روز پونے کے واناوڈی علاقے میں ایک پاش رہائشی سوسائٹی میں ان کے اپارٹمنٹ میں پیش آیا۔

متعلقہ خبریں
ماونواز لیڈر کشن جی کی اہلیہ سجاتکا زیرحراست!
کٹرینہ کیف 40 سال کی ہوئیں
دبئی میں گداگروں کے خلاف مہم، پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ اور جیل کی سزا
چال چلن پر شبہ: 12سال سے گھر میں محروس خاتون بازیاب، دل دہلادینے والا واقعہ
پاتال ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش‘ یوپی میں ایک گرفتار

متوفی شخص کی شناخت نکھل کھنہ کے طور پر ہوئی ہے جو ایک بلڈر بتایا جاتا ہے۔ اس نے 6 سال قبل 38 سالہ رینوکا سے لو میریج کی تھی۔ واناوڈی پولیس اسٹیشن میں تعینات ایک سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر کو پیش آیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ میاں بیوی میں لڑائی اس لئے ہوئی تھی کیونکہ نکھل نے رینوکا کو اس کی برتھ ڈے پارٹی منانے کے لئے دبئی لے جانے سے انکار کردیا تھا اور اس کی سالگرہ پر اسے مہنگے تحائف نہیں دیئے تھے۔

رینوکا چاہتی تھی کہ وہ دبئی میں اپنی برتھ ڈے پارٹی منائے اور نکھل سے مطالبہ کررہی تھی کہ وہ اسے دبئی ٹرپ پر لے جائے۔ اس کے علاوہ وہ نکھل سے اپنے لئے مہنگے برتھ ڈے گفٹس کا بھی مطالبہ کررہی تھی۔ اس نے مبینہ طور پر رینوکا کو شادی کی سالگرہ پر بھی تحفے نہیں دیئے تھے جس سے وہ ناراض تھی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ جمعہ کو جب اس معاملہ پر دونوں میں بحث ہوئی تو رینوکا آپے سے باہر ہوگئی اور لڑائی کے دوران رینوکا نے نکھل کے چہرے پر گھونسا مار دیا۔

گھونسے کا اثر اتنا سخت تھا کہ نکھل کی ناک اور کچھ دانت ٹوٹ گئے۔ بہت زیادہ خون بہنے سے نکھل ہوش کھو بیٹھا اور پھر اس کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس نے رینوکا کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کے لئے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔