مکیش امبانی کو دھمکی آمیز ای میلس، تلنگانہ اور گجرات کے نوجوان پولیس تحویل میں
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ(آر آئی ایل) کے صدرنشین مکیش امبانی کو موصولہ دھمکی آمیز ای میلس کی تحقیقات کررہی ممبئی پولیس نے ہفتہ کے روز تلنگانہ اور گجرات سے 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
ممبئی: ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ(آر آئی ایل) کے صدرنشین مکیش امبانی کو موصولہ دھمکی آمیز ای میلس کی تحقیقات کررہی ممبئی پولیس نے ہفتہ کے روز تلنگانہ اور گجرات سے 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
ای میل بھیجنے والوں نے اپنے رقمی مطالبہ کو بتدریج بڑھاکر 400 کروڑ روپے کردیا تھا۔ گزشتہ 8 دن کے دوران امبانی کی کمپنی کے ای میل پتہ پر کم ازکم 3 ای میل بھیجے گئے تھے جن میں دھمکی دی گئی تھی کہ اگر وہ رقم ادا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں ختم کردیا جائے گا۔
ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک نوجوان 19 سالہ گنیش رمیش ونراپتی کو تلنگانہ کے ورنگل سے گرفتار کیا جبکہ دوسرے شخص کو جس کی شناخت 21 سالہ شاداب خان کی حیثیت سے ہوئی ہے‘ گجرات سے پکڑا گیا۔ بادی النظر میں ونراپتی اور خان دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے لئے دو مختلف ای میل آئی ڈیز کا استعمال کررہے تھے۔
ایک ای میل 27 اکتوبر کو امبانی کے دفتر کو موصول ہوا تھا جس میں بھیجنے والے نے 20 کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ ”اگر تم (امبانی) ہمیں 20 کروڑ روپے ادا نہیں کرتے تو ہم تمہیں ہلاک کردیں گے۔ ہمارے پاس ہندوستان کے بہترین نشانہ باز ہیں“۔
اس کے دوسرے دن ایک اور ای میل موصول ہوا تھا جس میں 200 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور دھمکی دی گئی تھی کہ اگر مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو پروانہ ئ موت جاری کردیا جائے گا۔ صنعتکار کے سیکوریٹی انچارج کی شکایت پر گام دیوی پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ امبانی کی کمپنی کو ایک نامعلوم شخص کی طرف سے ایک اور دھمکی آمیز ای میل پیر کے روز موصول ہوا تھا جس میں 400 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ونراپتی کو یہاں ایک عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جس نے اسے 8 نومبر تک پولیس تحویل میں دے دیا۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ایک اورملزم خان اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہے۔ دونوں ملزمین کے خلاف تعزیرات ِ ہند کی متعلقہ دفعات 387 اور 506(2)کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔