قومی

نوراتری سے قبل اُتم نگر میں سخت سیکوریٹی، پولیس ہائی الرٹ

جنوب مغربی دہلی کے اُتم نگر میں سیکوریٹی ہنوز سخت ہے۔ بازاروں میں چہل پہل کم دیکھی جارہی ہے۔ نوراتری تہوار کے لئے نظم وضبط کو یقینی بنانے پولیس پوری طرح الرٹ ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) جنوب مغربی دہلی کے اُتم نگر میں سیکوریٹی ہنوز سخت ہے۔ بازاروں میں چہل پہل کم دیکھی جارہی ہے۔ نوراتری تہوار کے لئے نظم وضبط کو یقینی بنانے پولیس پوری طرح الرٹ ہے۔

متعلقہ خبریں
یوپی پولیس کیلئے لا اینڈ آرڈر مذاق بن کر رہ گیا: پرینکا گاندھی

ایک عہدیدار نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کے لئے عید کے دوران 100 سے زائد افراد کو احتیاطی حراست میں لیا تھا جنہیں ویریفکیشن کے بعد چھوڑدیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (دوارکا) کشل پال سنگھ نے کہا کہ نوراتری تہوار کے دوران جھکی جھوپڑی کالونی ایریا (جے جے کلسٹر) میں سیکوریٹی تعینات رہے گی۔

یہ اقدام امن کی برقراری کے لئے بطور احتیاط کیا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صورتِ حال حسب ِ معمول ہے لیکن پولیس نے تہواروں کے مدنظر چوکسی بڑھادی ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ نظم وضبط برقرار رکھیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ 4 مارچ کو ہولی کے دوران جھڑپ میں 26 سالہ ترون کی موت کے بعد اُتم نگر میں حالات خراب ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے آن لائن میڈیا پلیٹ فارمس کی نگرانی جاری رکھی ہے تاکہ افواہیں اور اشتعال انگیز مواد نہ پھیلے۔ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 200 سے زائد مشتبہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی گزارش کی گئی ہے جس میں سے 70 تا 80 بلاک ہوچکے ہیں۔

تحقیقات میں پایا گیا کہ بعض لوگوں نے جذباتی ویڈیوز سرکولیٹ کئے اور صرف 2 دن میں آن لائن فنڈنگ کے ذریعہ 37 لاکھ روپے جمع کرلئے۔ پولیس نے یہ رقم منجمد کردی اور پتہ چلایا جارہا ہے کہ پیسہ کہاں سے آیا۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس کی مسلسل موجودگی اور ناکہ بندی کی وجہ سے کاروبار ٹھپ پڑگیا ہے۔

اُتم نگر میں رہنے والے لوگ صرف ضروری کام سے باہر نکل رہے ہیں۔ پولیس عہدیداروں کا تاہم دعویٰ ہے کہ صورتِ حال پرامن اور قابو میں ہے۔ مقامی امن کمیٹیوں کے ساتھ دن میں 3 مرتبہ میٹنگس کی جارہی ہیں۔