چوٹ اُپل میں ٹول پلازہ پر ٹریفک جام، دسہرہ تہوار کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں
فاسٹ ٹیگ (FASTag) میں رقم کی کمی اور تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے
تلنگانہ : حیدرآباد کے چوٹ اُپل میں قومی شاہراہ نمبر 65 پر واقع پنگا ٹول پلازہ پر دسہرہ تہوار کے پیش نظر اپنے آبائی مقامات جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تہوار کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں کے اپنے آبائی مقامات کا رخ کرنے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ ٹیگ (FASTag) میں رقم کی کمی اور تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
ٹریفک جام پر قابو پانے کے لیے پولیس نے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چوٹ اُپل حدود کے لکرام سے گاڑیوں کو ولی گونڈہ کے راستے چٹیالہ کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے، تاکہ قومی شاہراہ نمبر 65 پر ٹریفک کا دباؤ کم کیا جا سکے اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو بحال کیا جا سکے۔
پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور تاخیر سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔