مہاراشٹرا

مہاراشٹر میں تودے گرنے سے ٹرین خدمات متاثر، ایس سی آر نے 25 ٹرینوں کا روٹ بدلا

ایس سی آر کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق، نو جولائی سے 17 جولائی کے درمیان تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو ممبئی، گجرات اور مغربی ہندوستان کے دیگر مقامات سے جوڑنے والی کئی ٹرینیں اپنے اپنے روٹ کے مطابق ڈونڈ، منماڈ، جلگاؤں، پالدھی، سورت، اگت پوری، کلیان اور شولاپور کے متبادل راستوں سے چلائی جائیں گی۔

حیدرآباد: مہاراشٹر میں کرجت-لوناولا ریل سیکشن پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ریل ٹریفک متاثر ہونے کے بعد ساؤتھ سینٹرل ریلوے (ایس سی آر) نے ہفتہ کو 25 ٹرینوں کا روٹ تبدیل کرنے اور دو ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایس سی آر کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق، نو جولائی سے 17 جولائی کے درمیان تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو ممبئی، گجرات اور مغربی ہندوستان کے دیگر مقامات سے جوڑنے والی کئی ٹرینیں اپنے اپنے روٹ کے مطابق ڈونڈ، منماڈ، جلگاؤں، پالدھی، سورت، اگت پوری، کلیان اور شولاپور کے متبادل راستوں سے چلائی جائیں گی۔

روٹ کی تبدیلی سے متاثر ہوئی ٹرینوں میں وشاکھاپٹنم-ایل ٹی ٹی ممبئی ایکسپریس (18519)، سکندرآباد-راجکوٹ ایکسپریس (22718)، سکندرآباد-پوربندر ایکسپریس (20967)، ایل ٹی ٹی ممبئی-وشاکھاپٹنم ایکسپریس (18520)، راجکوٹ-سکندرآباد ایکسپریس (22717) کے علاوہ چنئی، مدورئی، احمد آباد اور کوئمبٹور جانے والی کئی دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔

ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نو جولائی سے 17 جولائی کے درمیان طے شدہ روانگی کی تاریخوں کے مطابق مختلف ٹرینوں پر روٹ کی یہ تبدیلی نافذ رہے گی۔ ایس سی آر نے بتایا کہ ریل ٹریفک میں رکاوٹ کی وجہ سے دو ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ بھی کیا گیا ہے۔

اس کے تحت 11 سے 17 جولائی تک چلنے والی سی ایس ٹی ممبئی-کے ایس آر بنگلورو ایکسپریس (11301) اب پونے سے روانہ ہوگی اور سی ایس ٹی ممبئی اور پونے کے درمیان اس کا آپریشن منسوخ رہے گا۔ اسی طرح 10 سے 16 جولائی تک چلنے والی کے ایس آر بنگلورو-سی ایس ٹی ممبئی ایکسپریس (11302) کا سفر کھڑکی اسٹیشن پر ختم ہوگا اور کھڑکی اور سی ایس ٹی ممبئی کے درمیان اس کا آپریشن منسوخ رہے گا۔

ریل انتظامیہ نے مسافروں کو سفر شروع کرنے سے پہلے نظر ثانی شدہ ٹائم ٹیبل اور روٹ کی تبدیلی سے متعلق معلومات چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔