قومی

ترنمول لیڈر سبیا ساچی دتہ جبراً وصولی معاملے میں گرفتار

انہیں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے لیے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق باضابطہ گرفتاری سے قبل دتہ سے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی۔ منگل کی صبح ان کا طبی معائنہ ہونے کی توقع ہے اور اس کے بعد انہیں بِدھان نگر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کولکاتہ: مغربی بنگال کی پولیس نے پیر کی رات ترنمول کانگریس کے لیڈر اور بِدھان نگر میونسپل کارپوریشن کے سابق چیئرمین سبیاساچی دتہ کو مبینہ جبراً وصولی اور مجرمانہ دھمکی دینے کے معاملے میں گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، سالٹ لیک کے ایک تاجر نے دتہ کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ ان پر کئی لاکھ روپے دینے کا دباؤ ڈالا جا رہا تھا اور مطالبہ پورا نہ کرنے پر انہیں دھمکیاں دی گئیں۔

شکایت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بِدھان نگر نارتھ پولیس اسٹیشن کے افسران نے پیر کی دیر رات راجاراہٹ کے رائے گاچھی علاقے میں واقع دتہ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔

انہیں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے لیے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق باضابطہ گرفتاری سے قبل دتہ سے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی۔ منگل کی صبح ان کا طبی معائنہ ہونے کی توقع ہے اور اس کے بعد انہیں بِدھان نگر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دتہ نے حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں باراسات اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑا تھا لیکن وہ بی جے پی امیدوار سے ہار گئے تھے۔ ان کی گرفتاری سابق ریاستی حکومت کے عہدیداروں سے منسلک مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے درمیان ہوئی ہے۔

پولیس نے دتہ کے خلاف عائد الزامات کے سلسلے میں ابھی تک کوئی مزید معلومات نہیں دی ہیں اور تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں
ترنمول کانگریس نے 28 واں یوم تاسیس منایا
ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر ترمیم: بنگال میں 90 لاکھ سے زیادہ نام حذف،مرشد آباد سرفہرست
مغربی بنگال میں ترنمول قائد پر دن دھاڑے قاتلانہ حملہ
نئے فوجداری قوانین کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل۔ حکومت مغربی بنگال کا اقدام
ہجومی تشدد، بی جے پی اور میڈیا پر ساز باز کا الزام: ممتابنرجی