قومی

ڈاکٹر منموہن سنگھ کے یوم پیدائش پر کھرگے اور پرینکا کا خراج عقیدت

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر، اقتصادی اصلاحات اور ملک کی ترقی میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر، اقتصادی اصلاحات اور ملک کی ترقی میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔


مسٹر کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس پر کہاکہ ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تاریخی اقتصادی اصلاحات نے ہندوستان کے ترقی کے سفر کو بدل دیا، نئے مواقع پیدا کیے اور لاکھوں لوگوں کو غریبی سے باہر نکالنے میں مدد کی۔

ان کی عاجزی، ایمانداری اور دانش مندی ان کی عوامی زندگی کی پہچان رہی ہے۔ انہوں نے پُرسکون وقار اور حساسیت کے ساتھ قیادت کی اور جامع ترقی اور سب سے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کو حکمرانی کے مرکز میں رکھا۔‘‘


کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی حکومت کا حقوق پر مبنی ڈھانچہ اس نظریے کی مستقل مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیانت دار عوامی خدمت، جامع ترقی اور تبدیلی لانے والی اصلاحات کی ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وراثت آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔


محترمہ گاندھی نے کہا کہ ماہر اقتصادیات اور کامیاب سیاست دان کے طور پر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ہندوستان کی ترقی کو غیر معمولی رفتار دی اور ملک کی خوشحالی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی دوراندیش اور جامع اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے ڈاکٹر سنگھ نے ہر طبقے کو خوشحال کیا اور ملک کی ترقی میں ان کی بے مثال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔