بریکنگ: تریپورہ میں اندوہناک حادثہ: رتھ یاترا میں کرنٹ لگنے سے 7 افراد ہلاک، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک
اس حادثہ میں وہ نہ صرف کرنٹ کی زد میں آگئے بلکہ ہائی وولٹیج کے باعث انہیں آگ بھی لگ گئی۔ مقام حادثہ دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔
اگرتلہ: تریپورہ میں اناکوٹی ضلع کے کمار گھاٹ میں آج شام رتھ یاترا کے دوران ایک ہائی ٹینشن پاور لائن، رتھ سے ٹکراجانے کے نتیجہ میں دو بچوں کے بشمول 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
اس حادثہ میں وہ نہ صرف کرنٹ کی زد میں آگئے بلکہ ہائی وولٹیج کے باعث انہیں آگ بھی لگ گئی۔ مقام حادثہ دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں کم از کم 18 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انہیں اگرتلہ گورنمنٹ میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ مانک ساہا موقع پر پہنچ گئے ہیں اور حالات کا جائزہ لے کر راحت رسانی کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ "الٹا رتھ یاترا” کے جلوس کے دوران پیش آیا جو ہندو دیوتا جگن ناتھ اور ان کے دو بہن بھائیوں کی سالانہ رتھ یاترا تہوار کے بعد واپسی کا سفر کہلاتا ہے۔
رتھ لوہے کا بنا ہوا تھا اور اسے بہت زیادہ سجایا گیا تھا۔ جب اس کا رابطہ اوور ہیڈ بجلی کے تار سے ہوا تو اس میں ہائی وولٹیج کرنٹ دوڑ گیا جس کے باعث 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ رتھ، بجلی کے تار سے کیسے ٹکرایا۔
تریپورہ کے وزیر اعلی مانک ساہا نے اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے اگرتلہ سے کمار گھاٹ جا رہے ہیں۔