تلنگانہ

ٹی ایس پی ٹی اے و میوا کی جدوجہد رنگ لائی، نرمل میں بند 11 اردو پرائمری اسکولوں کی بحالی کا اعلان

ٹی ایس پی ٹی اے و میوا کے صدر شیخ شبیر علی اور ٹی ایس پی ٹی اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد معراج نے ایک مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ جی او 317 پر عمل آوری کے بعد ضلع محکمہ تعلیمات کی جانب سے مناسب اقدامات نہ کئے جانے کے باعث ضلع میں تقریباً 12 اردو پرائمری اسکول بند ہو گئے تھے۔

نرمل: تلنگانہ اسٹیٹ پرائمری ٹیچرز اسوسی ایشن (ٹی ایس پی ٹی اے) اور مائنارٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسی ایشن (میوا) کی مسلسل جدوجہد اور مؤثر نمائندگی کے نتیجہ میں ضلع نرمل کے بند شدہ 11 اردو پرائمری اسکولوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
اے پی سی آر تلنگانہ (APCR) کا ریاست گیر پیرالیگل ایکٹوسٹ و کارکنان کے لئے تربیتی پروگرام کا کامیاب اختتام
نارائن پیٹ میں ضلع کانگریس کی نئی کمیٹی کا اعلان، پارٹی کو گاؤں کی سطح تک مضبوط بنانے پر زور
علمِ بی بی مبارک کی سواری کے لیے ہاتھی کی منظوری، میر فراست علی باقری کا حکومتِ تلنگانہ اور جی کشن ریڈی سے اظہارِ تشکر
نیشنل اوورسیز اسکالرشپ: گاؤں اور چھوٹے قصبوں کے طلبہ کے عالمی تعلیمی خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ
وارث سرکاروطن ؒ مولانا پیر نقشبندی سے ڈاکٹر ذاکر شاہ افتخاری کی 25رکنی وفد کے ہمراہ روحانی ملاقات

ٹی ایس پی ٹی اے و میوا کے صدر شیخ شبیر علی اور ٹی ایس پی ٹی اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد معراج نے ایک مشترکہ صحافتی بیان میں کہا کہ جی او 317 پر عمل آوری کے بعد ضلع محکمہ تعلیمات کی جانب سے مناسب اقدامات نہ کئے جانے کے باعث ضلع میں تقریباً 12 اردو پرائمری اسکول بند ہو گئے تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق ایم ای او نرمل اربن کی متعصبانہ کارروائی کے نتیجہ میں ایک اردو میڈیم پرائمری اسکول مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا، جس کے باعث طلبہ اور والدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مسئلہ پر میوا کی جانب سے ضلع مہتمم تعلیمات سے لے کر ریاست کے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم جناب ریونت ریڈی تک مسلسل نمائندگی کی گئی۔ نمائندگی میں بند اسکولوں کی فوری بحالی کے ساتھ ساتھ قصوروار سابق ایم ای او کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

ان کے مطابق مسلسل دباؤ اور مؤثر پیروی کے نتیجہ میں متعلقہ عہدیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ بند اردو اسکول کو دوبارہ شروع کرنے کا تحریری تیقن بھی دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میوا نے دیگر بند شدہ اردو اسکولوں کا مسئلہ بھی اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھایا، جس پر ضلع مہتمم تعلیمات نے 19 مئی 2026 کو جاری کردہ احکامات (Proc. RC No. B2/53/Spl/2026) کے تحت تمام بند اردو پرائمری اسکولوں کی بحالی کی ہدایت جاری کی، جس کے نتیجہ میں 11 اسکولوں کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

میوا قائدین نے برسرِ خدمت اردو اساتذہ، تربیت یافتہ اساتذہ، والدین، مقامی ذمہ داران، سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں اور مساجد کمیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اردو اسکولوں کی بحالی اور استحکام میں فعال کردار ادا کریں تاکہ 24 سے زائد منظور شدہ اساتذہ کی جائیدادوں کو برخاست ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اردو اسکولوں کی بقاء، تحفظ اور فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میوا مستقبل میں بھی اردو تعلیم کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔