انٹرٹینمنٹ

ٹی وی اداکار سدھانت ویر سوریہ ونشی کی ورزش کے دوران موت

اطلاعات کے مطابق اداکار کی موت کی خبر کی آدتیہ دیشمکھ نے تصدیق کی ہے، جنہوں نے ’’فلم ضدی دل مانے نا‘‘ میں ان کے ساتھ کام کیا تھا۔

ممبئی: ٹی وی اداکار سدھانت ویر سوریہ ونشی کی جم میں ورزش کے دوران آج موت واقع ہوگئی۔ ان کی عمر 46 برس تھی۔ انہوں نے کئی مشہور ٹی وی شوز میں کام کیا تھا جن میں کیوں رشتوں میں کٹی بٹی، کسم اور وارث شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اداکار کی موت کی خبر کی آدتیہ دیشمکھ نے تصدیق کی ہے، جنہوں نے ’’فلم ضدی دل مانے نا‘‘ میں ان کے ساتھ کام کیا تھا۔

اداکار جے بھانوشالی نے سدھانت ویر سوریہ ونشی کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایک انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کی۔ انہوں نے سوریاونشی کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا "Gone to soon @_siddhaanth_ RIP۔(sic)”

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریہ ونشی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ جم میں ورزش کرتے ہوئے اچانک گر پڑے، اس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی جان توڑ کوشش کی تاہم ناکام رہے۔

سدھانت ویر سوریہ ونشی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ماڈل کیا تھا۔ انہوں نے 2001 کے ٹی وی سیریل کُسم سے اپنا ٹی وی کیریئر شروع کیا۔ بعد میں، انہوں نے کئی ٹی وی سیریلوں میں مرکزی کردار ادا کئے جن میں کسوٹی زندگی کی، کیا دل میں ہے، کرشنا ارجن وغیرہ شامل ہیں۔ وہ آخری بار ٹی وی شوز- کیوں رشتوں میں کٹی بٹی اور زندہ دل میں نظر آئے تھے۔

ان کے پسماندگان میں اہلیہ ایلیسیا راوت اور دو بچے ہیں۔ اس سے پہلے سوریہ ونشی کی شادی ایرا نامی لڑکی سے ہوئی تھی، دونوں 2015 میں الگ ہو گئے تھے۔ بعد میں 2017 میں سدھانت نے سوپر ماڈل ایلیسیا راوت سے شادی کی۔

سدھانت کی پچھلی شادی سے ایک بیٹی ہے جبکہ ایلیسیا کی سابقہ شادی سے ایک بیٹا مارک ہے۔