بارہمولہ میں خاتون سمیت دو منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس
ان کا کہنا ہے کہ اس تلاشی آپریشن کے نتیجے میں 62 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد اور 1 کلو گرام چرس کا پاؤڈر برآمد کر لیا گیا۔
سری نگر: معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو جاری کو رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بونیار میں ایک خاتون سمیت دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بونیار کی ایک پارٹی نے بیلہ کراسنگ بونیار میں ایک ناکے پر ایک مشکوک شخص کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 50 گرام چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو بر سر موقع گرفتار کیا گیا۔
بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت رفیق احمد شیخ ولد طارق احمد شیخ ساکن ہوندی نوشہرہ کے طور پر کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ مواد شمیمہ بیگم زوجہ محمد مقبول شیخ ساکن لاری کاسی بونیار نامی خاتون سے خریدا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس لیڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک پولیس ٹیم نے متعلقہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں مذکورہ خاتون کی رہائش گاہ کی تلاشی لی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس تلاشی آپریشن کے نتیجے میں 62 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد اور 1 کلو گرام چرس کا پاؤڈر برآمد کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم خاتون کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا اور اس غیر قانونی سرگرمی کے وسیع تر گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثنا اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بونیار میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔