بیوی کی خودکشی کے دوگھنٹوں بعد ایس آئی نے خودکو گولی مارلی
بیوی کی خودکشی کے دوگھنٹوں کے بعد جنگاؤں ٹاؤن کے ایک سب انسپکٹر نے سرویس ریوالور سے گولی مارکرخودکشی کرلی۔

حیدرآباد: بیوی کی خودکشی کے دوگھنٹوں کے بعد جنگاؤں ٹاؤن کے ایک سب انسپکٹر نے سرویس ریوالور سے گولی مارکرخودکشی کرلی۔
سب انسپکٹر کی بیوی نے پھانسی لے کرخودکشی کرلی۔ اس واقعہ کے دوگھنٹوں بعد 55 سالہ ایس آئی سرینواس نے آج ریوالور سے خودکو گولی مارکراس وقت خودکشی کرلی جبکہ پولیس کے چندعہدیدار 50 سالہ سواروپا کی خودکشی پر اظہارتعزیت کیلئے اس کے گھر آئے تھے۔
پولیس کے مطابق سواروپا نے جمعرات کے روزگھر کے باتھ روم میں اسکارف سے پھانسی لے کرخودکشی کرلی۔ سرینواس آج صبح نیند سے بیدارہونے کے بعد باتھ روم گئے تو بیوی کو لٹکتا ہوا پایا۔ اطلاع ملنے کے بعد جوڑے کے رشتہ دار اور دوست احباب ایس آئی کے گھرآگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس دیویندرریڈی‘ٹاؤن انچارج سرکل انسپکٹر ناگابابو اوردیگر عہدیدار‘ایس آئی کے مکان پہنچے۔دریں اثناء سرینواس جو عہدیداروں کے ساتھ بیڈروم میں بیٹھا ہواتھا‘ واش روم چلاگیا۔
چند لمحوں کے بعد عہدیداروں نے گولی چلنے کی آواز سنی۔ آوازسنتے ہی عہدیدار واش روم پہنچے جہاں انہوں نے ایس آئی کو مرا ہوا دیکھا۔ جوڑے کی خودکشی کے اسباب کا علم نہیں ہوسکا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے لاشوں کو دواخانہ منتقل کردیا۔