قومی

عمر خالد،قومی یکجہتی کا ہمیشہ حامی رہا، جہد کار کو ملک دشمن قرار دینا غلط۔ ایس ٹی حسن

سماج وادی پارٹی کے قائد ایس ٹی حسن چہارشنبہ کے دن جہد کار عمر خالد کی حراست کے تعلق سے جاری بحث میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے عمر خالد کی تائید کی اور دعوی کیا کہ وہ ہمیشہ قومی یکجہتی کے لیے کھڑا رہا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) سماج وادی پارٹی کے قائد ایس ٹی حسن چہارشنبہ کے دن جہد کار عمر خالد کی حراست کے تعلق سے جاری بحث میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے عمر خالد کی تائید کی اور دعوی کیا کہ وہ ہمیشہ قومی یکجہتی کے لیے کھڑا رہا۔

آئی اے این ایس سے بات چیت میں سماج وادی پارٹی قائد نے عمر خالد پر لگے تشدد بھڑکانے کے الزام کی تردید کی۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک ہماری سمجھ کا تعلق ہے عمر خالد نے تو ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ظلم و زیادتی سے آزادی کی وکالت کی ہے۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ ظالم کون ہے اور مظلوم کون۔

میری سمجھ سے باہر ہے کہ عمر خالد کیسے ملک دشمن قرار پایا۔ایس ٹی حسن نے کہاکہ انہیں دکھ ہے کہ عمر خالد 6 سال سے جیل میں بند ہے۔ کیس کی سماعت نہیں ہورہی ہے۔ بدبختی کی بات ہے کہ وہ 6 سال سے سلاخوں کے پیچھے ہے اور کیس کی سماعت ابھی تک شروع نہیں ہوئی۔ کون روک رہاہے؟۔ آپ سبھی اچھی طرح جانتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی قائد نے کہاکہ یہ حقیقت سب ہی جانتے ہیں کہ ناتھورام گوڈسے ملک کا پہلا دہشت گرد تھا جس نے بابائے قوم مہاتماگاندھی کو قتل کیاتھا۔

ہم ایسے مرحلہ میں ہیں جب گوڈسے کے لیے مندر بنانے کی باتیں ہورہی ہیں۔ ہم کہاں کھڑے ہیں؟۔ کیا ہمارا ضمیر اپنی سمت کھوچکاہے؟ایس ٹی حسن نے کہاکہ جن لوگوں نے انگریزوں کی خوشامد کی تھی اور بدلے میں نوازے گئے تھے انہیں کسی کو اینٹی نیشنل کہنے کاکوئی حق نہیں ہے۔

بی جے پی نے جیل میں بند جہد کار عمر خالد کا دفاع کرنے اور اسے قوم پرست قرار دینے پر کانگریس قائدین کو با ر بار تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ منگل کے دن کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر وی کے ہری پرسادنے عمر خالد کو قوم پرست بتایاتھا اور اے بی وی پی پر تنقید کی تھی کہ وہ بنگلورو کے نیشنل لا اسکول آف انڈیا یونیورسٹی (این ایل ایس آئی یو) میں طلباء جہد کاربنی دستاویزی فلم کی نمائش کی مخالفت کررہی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اے بی وی پی کو عمر خالد کے تعلق سے کچھ بھی کہنے کا حق نہیں ہے کیونکہ وہ مہاتماگاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی ستائش کرتی ہے جو ملک دشمن اور ملک کا پہلا دہشت گرد تھا۔