اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقوام متحدہ کی قرار داد: ہندوستان کے ووٹ دینے کے فیصلے کا خیر مقدم: جماعت اسلامی ہند
جماعت اسلامی ہند نے حکومت ہند کی طرف سے فلسطین میں اسرائیلی بستیوں کی آبادکاری کے خلاف اقوام متحدہ کی قرار داد کے حق میں ووٹ دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا ایک بہترین قدم قرار دیا۔

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند نے حکومت ہند کی طرف سے فلسطین میں اسرائیلی بستیوں کی آبادکاری کے خلاف اقوام متحدہ کی قرار داد کے حق میں ووٹ دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا ایک بہترین قدم قرار دیا۔
مشرقی یروشلم اور مقبوضہ شامی گولان سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں کی مذمت کے لئے 145 ممالک کے ساتھ ووٹنگ کرکے ہندوستان نے صحیح پیغام دیا ہے کہ وہ فلسطینی اراضی پر غیر قانونی قبضے اور فلسطینیوں کو ان کی ہی زمین سے بے دخل کرنے کے خلاف ہے۔
یہ باتیں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہیں۔
انہوں نے کہا کہ ”آزادی حاصل کرنے، ناجائز قبضے اور نسل پرستی کے خاتمے کے لیے فلسطینیوں کی جدو جہد ہندوستان کے بنیادی اصولوں کے عین مطابق ہے۔
ہمیں ان کی مکمل حمایت کرنی ہی چاہئے۔ ہماری حکومت ہند سے اپیل ہے کہ وہ خطے میں امن قائم کرنے اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لئے موثر اور قائدانہ کردار ادا کرے۔