شمالی بھارت

مدھیہ پردیش میں 2171 مویشی جلد کی بیماری سے متاثر

مدھیہ پردیش کے 10 اضلاع میں زائد از 2100 مویشی جلد کی بیماری سے متاثر پائے گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو ریاست کے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی حمل و نقل پر امتناع عائد کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے 10 اضلاع میں زائد از 2100 مویشی جلد کی بیماری سے متاثر پائے گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو ریاست کے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی حمل و نقل پر امتناع عائد کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔

چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان نے صورتِ حال کا جائزہ لینے جمعہ کے روز ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دیگر ریاستوں سے مدھیہ پردیش میں لائے جانے والے مویشیوں پر پابندی عائد کردیں اور بیماری سے متاثرہ اضلاع سے متصل علاقوں میں اضافی احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔

حکام نے متاثرہ علاقوں اور اضلاع میں مویشیوں کی حمل و نقل پر پہلے ہی امتناع عائد کردیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس متعدی وائرل بیماری کی اہم علامات بخار، ناک بہنا، آنکھوں میں پھنسیاں، لمفی سوجن اور دودھ کی پیداوار میں گراوٹ شامل ہیں۔ یہ بیماری تیزی سے مویشیوں کو متاثر کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رتلام، اُجین، منڈسور، نیمچ بیتل، اندور اور کھنڈوا اضلاع میں بیماری کی توثیق ہوئی ہے۔ ضلع دھر، برہانپور، جھبوا میں بھی جانوروں میں علامات کی اطلاع دی گئی ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایاکہ ریاست کے 10 اضلاع میں اس بیماری سے کم از کم 2171 مویشی متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے منجملہ 1717 جانوروں کی صحت بہتر ہوئی ہے۔

اب تک 77,534 مویشیوں کو ٹیکے لگا دیے گئے ہیں۔ راجستھان، گجرات، پنجاب، ہریانہ، مہاراشٹرا، ہماچل پردیش، اتر کھنڈ، جموں و کشمیر، اترپردیش، مدھیہ پردیش اور دہلی میں اس بیماری کے پھیلنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔