مہاراشٹرا

راج ٹھاکرے کی دیویندرپھڈنویس سے ملاقات قیاس آرائیوں کا بازار گرم

راج ٹھاکرے اورپھڈنویس نے کسی رسمی اتحادکا اعلان تونہیں کیا لیکن دونوں جماعتوں کے بیچ رسمی اتحاد یا نشستوں کی تقسیم کومستردنہیں کیا جاسکتا۔

ممبئی: مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس جن کاتعلق بی جے پی سے ہے اور مہاراشٹرانونرمان سینا (ایم این ایس) کے صدرراج ٹھاکرے کی آج یہاں ملاقات سے تازہ سیاسی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ پھڈنویس نے 15۔جولائی کودادرمیں راج ٹھاکرے کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے رسمی ملاقات کی تھی، جس کے تقریباً6ہفتوں بعد یہ ملاقات ہوئی ہے۔

راج ٹھاکرے کولہے کی سرجری کی وجہ سے تقریباً تین ماہ سے خاموش تھے اورایک ہفتہ پہلے ہی وہ دوبارہ سرگرم ہوئے ہیں۔ انہوں نے 23۔اگست کوپارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کیاتھا اورپھرپارٹی کی رکنیت سازی مہم کے آغاز و دیگر پروگراموں کیلئے پونے چلے گئے تھے۔

باورکیاجاتاہے کہ ریاست میں آنے والے بلدی انتخابات اوربرہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی)کے انتخابات کے پیش نظریہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ بی ایم سی پرتقریباً30سال سے اپوزیشن شیو سیناکا کنٹرول ہے۔راج ٹھاکرے اورپھڈنویس نے کسی رسمی اتحادکا اعلان تونہیں کیا لیکن دونوں جماعتوں کے بیچ رسمی اتحاد یا نشستوں کی تقسیم کومستردنہیں کیا جاسکتا۔

بی جے پی کے کئی سرکردہ مرکزی قائدین جیسے پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈااورمرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ گنیش تہوارکے دوران ممبئی کا دورہ کرسکتے ہیں جس کا آغاز31۔اگست سے ہورہا ہے۔ سابق چیف منسٹرادھوٹھاکرے کی زیرقیادت شیوسینا ملک کی سب سے بڑی اوردولتمند ترین بلدیہ پراپناقبضہ برقراررکھنے کامنصوبہ رکھتی ہے حالانکہ‘ شیو سینا‘ این سی پی  اورکانگریس پر مشتمل مہا وکاس اگھاڑی حکومت29۔جون کو ریاست میں اقتدارسے محروم ہوچکی ہے۔