یونیورسٹی آف حیدرآباد کی ریسرچ اسکالر شیخ عائشہ برکس یوتھ سمٹ 2024 کے لئے منتخب
یونیورسٹی آف حیدرآباد کی پی ایچ ڈی اسکالر (کیمسٹری) شیخ عائشہ کو برکس یوتھ سمٹ 2024 کے لئے مندوب کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
حیدرآباد: یونیورسٹی آف حیدرآباد کی پی ایچ ڈی اسکالر (کیمسٹری) شیخ عائشہ کو برکس یوتھ سمٹ 2024 کے لئے مندوب کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
وہ پروفیسر وائی سرینواس راؤ کے تحت ریسرچ کا کام کررہی ہیں۔ وہ 22 سے 26 جولائی تک روس کے شہر اولیانوسک میں برکس کے یوتھ منسٹرس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گی۔
اس تقریب کا اہتمام وزارت برائے امور نوجوانان اور کھیل (محکمہ برائے امور نوجوانان) نے کیا ہے۔ اس کا مرکزی ایجنڈا برکس کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات کی کارکردگی اور جمہوریت کو بڑھانے کے بارے میں نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
یہ مختلف پینل اور ڈسکشن سیشنز میں عالمی سطح پر نوجوان لیڈروں کو شامل کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی تعلقات کے جمہوری نظام کی تشکیل میں نوجوانوں کو شامل کرنا ہے۔
چوٹی اجلاس میں برازیل، روس، ہندوستان، چین، جنوبی افریقہ، مصر، ایران، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ایتھوپیا کے نوجوان لیڈرس ایک جگہ جمع ہوں گے جو 2024 میں روس کی برکس چیئرمین شپ کے ایجنڈے کا ایک اہم پروگرام ہوگا۔