تلنگانہ

امریکی ویزا فراڈ، ڈی پورٹ نلگنڈہ کا طالب علم گرفتار

ویزا کے حصول کیلئے جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزام میں امریکہ سے ملک بدری کے بعد ضلع نلگنڈہ کے ایک28 سالہ طالب علم کو شمس آباد ایر پورٹ پہونچنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

حیدرآباد (پی ٹی آئی) ویزا کے حصول کیلئے جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزام میں امریکہ سے ملک بدری کے بعد ضلع نلگنڈہ کے ایک28 سالہ طالب علم کو شمس آباد ایر پورٹ پہونچنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے چہارشنبہ کے روز یہ بات بتائی۔ حکام نے 2جون کو اوورسیز ایجوکیشن کنسلٹینسی فرم کے منیجنگ ڈائرکٹر کو گرفتار کرلیا۔ ایم ڈی پر اس طالب علم کو ڈگری کے جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کا الزام ہے۔ طالب علم کو جو میسوری میں ویبسٹار یونیورسٹی میں ماسٹر ڈگری کی تعلیم حاصل کررہا تھا، یکم جون کو گرفتار کیا گیا۔

ان دونوں کے خلاف جعلسازی اور دھوکہ دینے کے الزامات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ امریکی ایمیگریشن عہدیداروں نے یہ پایا کہ طالب علم کا SEVIS (اسٹوڈنٹ اینڈ ایکسچینج وزیٹر انفارمیشن سسٹم) کا موقف غیر فعال ہے۔ اس کے بعد اس طالب علم کو امریکہ کے ڈلاس سے مئی کے اواخر میں ملک بدر کردیا گیا۔

راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ (شمس آباد) پر پہونچنے پر ایمگریشن حکام نے یکم جون کو طالب علم کو گرفتار کرلیا اور انکوائری کے دوران طالب علم نے اعتراف کیا کہ ستمبر2023میں امریکی ویزا کے حصول کیلئے انہوں نے بی ایس سی کمپوٹر سائنس کے جعلی سرٹیفکیٹس کا استعمال کیا۔ اعتراف کے بعد مقامی ایمگریشن حکام نے ایر پورٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جس کے بعد طالب علم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کا بیان ریکارڈ کیا۔

طالب علم نے پولیس کو بتایا کہ امریکی ویزا حاصل کرنے کیلئے وہ ایجوکیشن کنسلٹینسی فرم کے ایم ڈی سے جعلی صداقت نامے حاصل کئے۔ فرم کے دفتر کی تلاشی کے دوران پولیس نے کئی دستاویزات کے بشمول مختلف یونیورسٹیوں کے سرٹیفکیٹس اور ایم ڈی کے قبضہ سے10 لاکھ روپے نقد ضبط کرلئے گئے بعدازاں ایم ڈی فرم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

طالب علم نے ایک سال تک امریکہ میں تعلیم حاصل کی اور انڈیا واپس آیا اور5ماہ تک ملک میں مقیم رہا جب وہ، دوبارہ امریکہ واپس گیا تو ڈلاس ایرپورٹ کے ایمیگریشن حکام نے طالب علم کے SEVIS کو غیر فعال پایا ا ور پھر انہوں نے طالب علم کو ملک بدر کردیا۔ اسٹنٹ کمشنر آف پولیس (شمس آباد) وی سریناتھ گوڑ نے یہ بات بتائی۔