وندے ماترم کو قومی ترانہ قراردیا جائے: رام گری مہاراج
رام گری مہاراج نے منگل کے دن مہاراشٹرا کے شہر سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) میں دعویٰ کیا کہ یہ گیت رابندر ناتھ ٹیگور نے کولکتہ میں 1911 میں گایا تھا۔ اُس وقت ملک آزاد نہیں ہوا تھا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر (مہاراشٹرا): دھرم گرو رام گری مہاراج نے کہا ہے کہ وندے ماترم‘ ملک کا قومی ترانہ ہونا چاہئے۔ رابندرناتھ ٹیگور نے اصل میں بنگالی میں جنا گنا منا لکھا تھا اس کی ہندی شکل کو دستور ساز اسمبلی نے 24 جنوری 1950 کو اپنایا تھا۔
رام گری مہاراج نے منگل کے دن مہاراشٹرا کے شہر سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) میں دعویٰ کیا کہ یہ گیت رابندر ناتھ ٹیگور نے کولکتہ میں 1911 میں گایا تھا۔ اُس وقت ملک آزاد نہیں ہوا تھا۔ یہ گیت انہوں نے ہندوستان سے ناانصافی کرنے والے کنگ جارج V کے سامنے گایا تھا۔
اس گیت کا مخاطب ملک نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وندے ماترم کو قومی ترانہ بنانے کے لئے جدوجہد شروع کریں گے۔ رام گری مہاراج‘ آنے والی فلم مشن ایودھیا کا ٹریلر ریلیز کرنے کے لئے یہاں آئے ہوئے تھے۔ ہندو دھرم گرو نے گزشتہ برس پیغمبر اسلامؐ اور اسلام کے بارے میں قابل ِ اعتراض ریمارکس کرکے تنازعہ پیدا کردیا تھا جس پر ان کے خلاف مہاراشٹرا میں کئی کیسس درج ہوئے تھے۔