چلتی مرسڈیز پر ’بوٹ ڈانس‘ کرتی لڑکی کا ویڈیو وائرل
یہ مخصوص ڈانس اسٹائل اصل میں ایک 11 سالہ انڈونیشیائی لڑکے رَیّان اَرخان (Rayyan Arkhan) کی ویڈیوز سے مقبول ہوا تھا۔ اس ڈانس کو لے کر دنیا بھر میں نوجوانوں نے ویڈیوز بنائی، لیکن اسے چلتی گاڑی پر انجام دینا یقینی طور پر ایک نازک اور خطرناک حرکت ہے۔
نوی ممبئی: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دوڑ میں حدیں پار کرنے والوں کی فہرست میں ایک نیا واقعہ شامل ہو گیا ہے۔ نوی ممبئی کی سڑک پر ایک لڑکی کا ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ایک چلتی ہوئی مرسڈیز کار کی بونٹ پر کھڑے ہو کر رقص (ڈانس) کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس واقعہ نے نہ صرف عوام کو حیران کر دیا بلکہ پولیس کو بھی حرکت میں آنے پر مجبور کر دیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان لڑکی مرسڈیز بینز کار کی بونٹ پر کھڑی ہے، کار مسلسل حرکت میں ہے اور وہ لڑکی مشہور ‘Aura Farming’ ڈانس (جسے ‘بوٹ ڈانس’ بھی کہا جاتا ہے) کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں درج تھا:
"On my way to the 69th heartbreak with the same guy.”
اس جملے کے ساتھ ویڈیو میں ایک ‘ڈرامائی’ تاثر بھی دیا گیا، لیکن حفاظتی اصولوں کو جس طرح نظر انداز کیا گیا وہ شدید تشویشناک ہے۔
تحقیقات کے بعد پولیس نے انکشاف کیا کہ کار ایک نوجوان چلا رہا تھا جو لڑکی کا بوائے فرینڈ ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس لڑکے کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔ جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، نوی ممبئی ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ اس پر "خطرناک ڈرائیونگ” اور "عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے” جیسے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
نوی ممبئی پولیس نے واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا:
"صرف سوشل میڈیا پر لائکس، فالوورز یا شہرت حاصل کرنے کے لئے ایسے خطرناک اسٹنٹ کرنا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔”
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا کے رجحانات کے پیچھے اندھا دھند نہ بھاگیں اور اپنی و دوسروں کی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
یہ مخصوص ڈانس اسٹائل اصل میں ایک 11 سالہ انڈونیشیائی لڑکے رَیّان اَرخان (Rayyan Arkhan) کی ویڈیوز سے مقبول ہوا تھا۔ اس ڈانس کو لے کر دنیا بھر میں نوجوانوں نے ویڈیوز بنائی، لیکن اسے چلتی گاڑی پر انجام دینا یقینی طور پر ایک نازک اور خطرناک حرکت ہے۔