ہربھجن سنگھ کا پاکستانی کھلاڑی شاہنواز دہانی سے ہاتھ ملانے کا ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر مچا ہنگامہ
یاد رہے کہ 2025 کے آغاز میں ہربھجن، شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور سریش رائنا نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “اس ماحول میں خون اور پسینہ ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا”۔
ابوظبی: ہندوستان کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ ابوطبی T10 لیگ میں انہوں نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی سے مصافحہ کیا، جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کی شب زيد کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پیش آیا، جب اسپن اسٹالینز کے کپتان ہربھجن نے دہانی کے ساتھ گرمجوشی سے ہاتھ ملایا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی نے حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان دوریاں بڑھا دی ہیں۔ پہلگام حملے کے بعد کئی ہندوستانی کھلاڑیوں نے پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا تھا۔
ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹی20 کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کھلاڑی سلمان آغا سے مصافحہ نہیں کیا تھا، جبکہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں ہرمن پریت کور نے بھی پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء سے ہاتھ نہیں ملایا۔
اسی طرح دوحہ میں جاری رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں بھی دونوں ملکوں کے کھلاڑی مصافحے سے دور رہے۔
ایسے ماحول میں ہربھجن سنگھ کا پاکستانی بولر دہانی سے ہاتھ ملانا کئی حلقوں میں بحث کا موضوع بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اسے "غیر ضروری نرم رویہ” قرار دیا، تو کچھ نے دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان کھیلSpirit of Sportsmanship کو سراہا۔
ایک یوزر نے سوال اٹھایا: "اب بھارتیوں کی حب الوطنی کہاں گئی؟” جبکہ دوسرے کا کہنا تھا: "اگر T10 میں ایسا ہو سکتا ہے تو بین الاقوامی کرکٹ میں کیوں نہیں؟”
یاد رہے کہ 2025 کے آغاز میں ہربھجن، شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور سریش رائنا نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “اس ماحول میں خون اور پسینہ ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا”۔
ہربھجن کے حالیہ اقدام پر بحث جاری ہے، جبکہ دوسری جانب ابو دھابی T10 کے میچ میں ناردرن وارئیرز نے اسپن اسٹالینز کو چار رنز سے شکست دی۔
پاکستانی بولر شاہنواز دہانی نے صرف 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ہربھجن نے ایک اوور میں 8 رنز دیے اور بیٹنگ میں صرف ایک رن بناسکے، جس کے بعد وہ رن آؤٹ ہوئے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ سیاسی کشیدگی کے باوجود کھیل دلوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتا ہے—لیکن موجودہ ماحول میں ہر ایسا لمحہ تنازع کا باعث بھی بن جاتا ہے۔