حیدرآباد

دی کیرالااسٹوری پر وجئے شانتی کا سنسنی خیز بیان

وجئے شانتی نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ایسے میں کیا حکومتوں کا یہ احساس ہے کہ عوام حکومت کے نظریات کے مطابق کسی فلم کے کچھ حصہ کو قبول کرے اور کچھ حصوں کو مسترد کردیا جائے۔

حیدرآباد: بی جے پی کی سینئر قائد وسابق ایم پی وجئے شانتی نے متنازعہ فلم دی کیرالا اسٹوری کے متعلق سنسنی خیز بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو کونسی فلم دیکھنی چاہئے اور کس فلم سے دور رہنا ہے اس کا انہیں بھر پور حق حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں
بی جے پی قائد رکن سنٹرل وقف کونسل حنیف علی کا انتقال
انیل وِج، ہریانہ کی چیف منسٹری کے دعویدار

 انہوں نے کہا کہ سنسر بورڈ کی جانب سے منظورہ فلم دی کیرالا اسٹوری کے خلاف مختلف عدالتوں میں دائر مقدمات کو خارج کیا جارہا ہے۔ ان حالات میں اس فلم سے عوام کو دور رکھنے کا کسی کو ئی حق حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے امن وآمان کی برقراری کے نام پر دی کیرالا اسٹوری کی نمائش میں رکاوٹیں حائل کررہے لوگوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا عوام کو کونسی فلم دیکھنی یا نہیں دیکھنی چاہئے، کی بھی سمجھ بوجھ نہیں ہے؟۔

ہماری دانست میں ملک کے عوام باشعور ہیں اور انہیں اچھے برے کی مکمل تمیز ہے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ اس فلم پر جاری مباحث، تنازعات احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایک بات سمجھنا ضروری ہے کہ کسی بھی فلم کو دیکھنے نہ دیکھنے، فلم کی کہانی کا حقیقت یا فرضی ہونے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کو دیا جانا چاہئے۔

 عوام کے اس شعور کو چند طبقات اور اب چند ریاستی حکومتوں کی جانب سے اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کی مخالفت میں دائر مقدمات کو خارج کردئیے جانے کے بعد عوام کو فلم سے دور رکھنے کا حق ان تنظیموں اور حکومتوں کو کس نے دیا ہے؟

وجئے شانتی نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ایسے میں کیا حکومتوں کا یہ احساس ہے کہ عوام حکومت کے نظریات کے مطابق کسی فلم کے کچھ حصہ کو قبول کرے اور کچھ حصوں کو مسترد کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی چند ریاستوں کی جانب سے ایک طبقہ سے خوفزدہ ہوکر فلم کی نمائش میں رکاوٹیں کھڑی کرنا افسوسناک ہے۔

 بی جے پی قائد نے کہاکہ سابق میں بھی دی کشمیر فائلس کے ساتھ ایسا ہی کیا گیا تاہم مخالفین کے منفی پروپگنڈہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام نے اس حقیقت پر مبنی فلم کی خوب پذیرائی کی تھی۔