"اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں” پروگرام کا دوبارہ آغاز، مقامی طلبہ کے داخلوں پر خصوصی توجہ
پروفیسر نجم الحسن نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے اپنی پوری میعاد کے دوران یونیورسٹی میں مقامی طلبہ کے داخلوں کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان میں "اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں" پروگرام کے ساتھ ساتھ مقامی طلبہ کے لیے 10 فیصد نشستیں مختص کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو)، گچی باؤلی، حیدرآباد میں مقامی طلبہ کے داخلوں کو فروغ دینے اور انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی سہولیات سے روشناس کرانے کے مقصد سے "اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں” پروگرام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔
یہ اعلان مانو کے ڈین المونی پروفیسر نجم الحسن نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ مانو المونی اسوسی ایشن اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر نجم الحسن نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے اپنی پوری میعاد کے دوران یونیورسٹی میں مقامی طلبہ کے داخلوں کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان میں "اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں” پروگرام کے ساتھ ساتھ مقامی طلبہ کے لیے 10 فیصد نشستیں مختص کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اس پروگرام کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے اور آئندہ ہفتے وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن اس کا باضابطہ افتتاح انجام دیں گے۔
مانو المونی اسوسی ایشن کے صدر جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ اس مرتبہ "اردو یونیورسٹی کا دورہ کریں” پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے علاوہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، گچی باؤلی، حیدرآباد میں دستیاب تعلیمی اور تدریسی سہولیات سے واقف ہو سکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے مقامی طلبہ میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگراموں کے بارے میں آگاہی بڑھے گی اور داخلوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
رابطہ کمیٹی کے اس اجلاس میں پروفیسر نجم الحسن کے علاوہ شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے عہدیدار ڈاکٹر محمد مصطفیٰ علی سروری اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس سمیت دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔