وویکا نندا ریڈی قتل کیس، تمام ملزمین کی عدالتی تحویل میں توسیع
عدالتی تحویل کی مدت آج ختم ہونے پر سی بی آئی قتل کے تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جہاں مجسٹریٹ نے ان ملزمین کو30جون تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔
حیدرآباد: سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے جمعہ کے روز اے پی کے سابق وزیر وائی ایس وویکانندا ریڈی قتل کیس کے تمام 6ملزمین کی عدالتی تحویل کی مدت میں ت وسیع کردی ہے۔
سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اس کیس کے تمام ملزمین کو جن میں کڑپہ کے ایم پی اویناش ریڈی کے والد وائی ایس بھاسکر ریڈی بھی شامل ہیں، عدالت میں پیش کیا جہاں مجسٹریٹ نے ان تمام ملزمین کی عدالتی تحویل میں 30جون تک توسیع کردی۔
ان 6ملزمین میں ایرا گنگی ریڈی، سنیل یادو، اوما شنکر ریڈی، دیوی ریڈی شیوا شنکر ریڈی، وائی ایس بھاسکر ریڈی اور اودے کمار ریڈی شامل ہیں۔ یہ تمام ملزمین فی الوقت چنچل گوڑہ سنٹرل جیل میں مقید ہیں۔
عدالتی تحویل کی مدت آج ختم ہونے پر سی بی آئی قتل کے تمام ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جہاں مجسٹریٹ نے ان ملزمین کو30جون تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔
تحویل کی مدت میں توسیع کے بعد تمام ملزمین کو دوبارہ چنچل گوڑہ جیل واپس بھیج دیا گیا۔ واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے9 جون کو بھاسکر ریڈی کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا تھا جنہیں 16 / اپریل کو پلی ویندولہ ٹاؤن سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔