مہاراشٹر میں لوک سبھا کی 11 سیٹوں کے لیے ووٹنگ شروع
مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں11 پارلیمانی حلقوں میں سخت سیکورٹی کے درمیان صبح 7 بجے کی ووٹنگ شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

ممبئی: مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں11 پارلیمانی حلقوں میں سخت سیکورٹی کے درمیان صبح 7 بجے کی ووٹنگ شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغربی مہاراشٹر کی پانچ سیٹوں، شمالی مہاراشٹر کی تین سیٹوں اور مراٹھواڑہ علاقے کی باقی سیٹوں کے لیے ووٹنگ شروع ہوگئی۔ آج ووٹرز انتخابات میں حصہ لینے والے 298 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ماول، پونے، شرور، احمد نگر، شرڈی، نندربار، جلگاؤں، راور، جالنا، اورنگ آباد اور بیڈ میں شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی، دیگر مقامات پر ووٹنگ شام 4 بجے ختم ہوجائےگی۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز قطاروں میں کھڑے دیکھے گئے۔
ریاست کی 11 سیٹوں کے لیے کل 2.28 کروڑ سے زیادہ ووٹر، جن میں 1.18 کروڑ سے زیادہ مرد، 1.09 کروڑ خواتین اور 1،272 خواجہ سرا شامل ہیں، اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے کل 23,284 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں جن میں 53,959 بیلٹ یونٹس، 23,284 کنٹرول یونٹس اور 23,284 وی وی پیٹ مشینیں ہیں۔