ہم چاند پر بھی رکھشا بندھن مناسکتے ہیں:گورنر تلنگانہ
ہمیں ہمارے خلائی سائنسدانوں پر فخر ہے۔ا س پر ہم وزیراعظم سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ہم نہ صرف چاند بلکہ سورج پر بھی پہنچ رہے ہیں۔یہ ہمارے سائنسدانوں کی عظیم پہل ہے۔
حیدرآباد: گورنر تلنگانہ ڈاکٹرتمیلی سائی سوندراراجن نے کہا ہے کہ ہم دنیا میں رکھشا بندھن منارہے ہیں لیکن ہم چاند میں بھی رکھشا بندھن مناسکتے ہیں کیونکہ ہم چاند پر قدم رکھ چکے ہیں۔
ہمیں ہمارے خلائی سائنسدانوں پر فخر ہے۔ا س پر ہم وزیراعظم سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ہم نہ صرف چاند بلکہ سورج پر بھی پہنچ رہے ہیں۔یہ ہمارے سائنسدانوں کی عظیم پہل ہے۔
تمام نوجوانوں کو ان سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔حیدرآبادمیں واقع راج بھون میں رکھشا بندھن تقریب منعقد کی گئی۔راکھی فور سولجرس کے نام سے منعقدہ اس تقریب میں گورنر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ جلد ہی ہندوستان سورج پر اپنی موجودگی ظاہر کرے گا۔
گورنر نے سائنسدانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ سب ممکن بنایا۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ اگر فوجی تمام لوگوں کو بیرونی قوتوں سے تحفظ فراہم کر رہے ہیں تو سائنسدانوں نے کووڈ ویکسین فراہم کی ہے اور اندرونی طور پر سب کو تحفظ فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے کئی ثقافتیں تخلیق کیں جو تمام شہریوں کے درمیان محبت کو فروغ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رکھشا بندھن تمام شہریوں کے درمیان محبت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن تمام بہنیں فوجیوں اور ہمارے سائنسدانوں کو راکھیاں باندھ کر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
گورنر نے ریاست کے عوام کو رکھشا بندھن کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اسکولی طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ہندوستانی فوج کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔
گورنرنے کہاکہ یہ سب کچھ محبت اور اخوت کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔ہمارے ملک میں کئی زبانیں،ریاستیں، عادات،ثقافتیں ہیں تاہم ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ ہم متحد ہیں۔یہ ایک بندھن ہے۔ سنسکرت فاؤنڈیشن اور انڈین ریڈ کراس تلنگانہ برانچ کے زیر اہتمام اس تقریب میں کئی فوجی افسران، سابق فوجی، سینئر افسران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔