تلنگانہ میں موسم کی تبدیلی: کئی مقامات پرشدید بارش
تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں غیر موسمی بارش نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے ریاست کے کئی حصوں میں اچانک موسم تبدیل ہو گیا ہے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں غیر موسمی بارش نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے ریاست کے کئی حصوں میں اچانک موسم تبدیل ہو گیا ہے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست بھر میں گرج چمک، بجلی اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ اوسط بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر ژالہ باری ہوگی جس کے پیش نظر کسانوں اور عوام کو خاص طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں کی تفصیل بتاتے ہوئے حکام نے کہا کہ زون 1 میں شامل میدک، سدی پیٹ، کاماریڈی، وقار آباد، یادادری بھونگیر، سنگاریڈی، نظام آباد، سرسلہ، جگتیال، منچریال اور کومرم بھیم آصف آباد اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ زون 2 کے اضلاع بشمول رنگاریڈی، نلگنڈہ، محبوب نگر، سوریا پیٹ، کھمم، بھدرادری کوتہ گوڑم اور محبوب آباد میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
دوسری جانب زرعی حکام نے کسانوں کو مطلع کیا ہے کہ کٹائی کے لئے تیار فصلوں کو نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ ہے، اس لئے اناج کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔