کھیل

ہندوستان ہمیں حکم نہیں دے سکتا: وسیم اکرم

ایشیاء کپ آئندہ برس پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ تاہم بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے کہا تھاکہ ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔

سڈنی: ایشیاء کپ آئندہ برس پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ تاہم بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے کہا تھاکہ ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔

جئے شاہ کے اس بیان کے بعد متعدد پاکستانی کھلاڑی اس کی شدید مخالفت کررہے ہیں۔ اب اس معاملہ میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس پر اپنی رائے دے دی۔ وسیم اکرم نے کہاکہ کرکٹ بورڈ نے بہت سخت بیان دیاہے۔

ہندوستان یہ حکم نہیں دے سکتا کہ پاکستان کرکٹ کیسے کھیلتا ہے اور پاکستان میں کرکٹ بھی 10-15 سال بعد شروع ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ میں سابق کرکٹر اور کھلاڑی ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ سیاسی سطح پر کیا ہورہا ہے لیکن عوام سے عوام کا رابطہ ضروری ہے۔

وسیم اکرم نے کہاکہ جئے شاہ کو کچھ کہنا ہوتا تو کم ازکم ہمارے چیرمین سے بات کرلیتے۔ ایشین کونسل کا اجلاس بلایا گیاہے۔ آپ اپنا آئیڈیا دیں، اس پر بات ہوئی۔ وسیم اکرم نے کہاکہ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم نہیں جائیں گے جبکہ ایشیا کپ کی میزبانی پوری کونسل نے پاکستان کو دی ہے۔

یہ درست نہیں ہے۔ جئے شاہ کے بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بیان جاری کیا۔ پی سی بی نے کہاکہ بی سی سی آئی سکریٹری نے بورڈ ممبر سے بات کیے بغیر یہ بیان دیا۔ یہ کافی مایوس کن ہے۔ یہ بیان میزبان سے بات کیے بغیر دیاگیا۔

پاکستان بورڈ نے کہاکہ پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی ایشین کرکٹ کونسل میں طویل بات چیت اور حمایت کے بعد ہی ملی۔ لیکن اب جئے شاہ کا بیان ان باتوں کی خلاف ورزی کرتاہے۔ وسیم اکرم نے کہاکہ آج دنیا تمام بڑی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں۔ گذشتہ دنوں انگلینڈ‘ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں یہاں کھیل چکی ہیں۔

اس لئے ہندوستان کو بھی یہاں آنا چاہئے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے ایشیاء کپ کیلئے پاکستان نہ آنے کے بیان کے بعد پاکستان نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر ٹیم انڈیا پاکستان نہیں آئے گی تو وہ آئندہ برس ہندوستان میں ہونے والے ونڈے ورلڈکپ کیلئے بھی ہندوستان نہیں آئیں گے۔

a3w
a3w