امریکہ کی جیل میں اسرائیلی سفارتکار کے بیٹے کے ساتھ کیا ہوا؟
امریکی ریاست فلوریڈا کی جیل میں قید اسرائیل کے سفارت کار کا 19 سالہ بیٹا ایوراہام گل اپنی سزا کے دن پورے کررہا ہے، جسے کھانے سے متعلق بات کے دوران ساتھی قیدی نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

فلوریڈا: امریکہ کی جیل میں قید اسرائیلی سفارتکار کے بیٹے کو ساتھی قیدی نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کی جیل میں قید اسرائیل کے سفارت کار کا 19 سالہ بیٹا ایوراہام گل اپنی سزا کے دن پورے کررہا ہے، جسے کھانے سے متعلق بات کے دوران ساتھی قیدی نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارت کار کے بیٹے کے منہ پر ساتھ میں موجود قیدی نے گھونسے برسا دئیے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق میامی میں اسرائیلی قونصل خانے میں تعینات سفارتی عہدیدار کے بیٹے کو پولیس عہدیدار کو زخمی کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔
سڑک پر موجود پولیس عہدیدار نے سفارت کار کے بیٹے کو بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر روکا تھا جس پر ایوراہام گل نے عہدیدار کی ٹانگ پر موٹر سائیکل چڑھادی تھی۔ اسرائیلی سفارت کار کے بیٹے کو سفارتی استثنیٰ دینے کی درخواست کو امریکی عدالت کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔