جموں و کشمیر

پہلگام حملہ میں ہلاک عادل شاہ کے خاندان کو حکومت آسام کی امداد (ویوڈیو)

آسام کے وزیر زراعت اتل بورا نے اتوار کے دن عادل حسین شاہ کے ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ اس گھوڑے والے کو 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں نے ہلاک کردیا تھا۔

سر ی نگر (پی ٹی آئی) آسام کے وزیر زراعت اتل بورا نے اتوار کے دن عادل حسین شاہ کے ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ اس گھوڑے والے کو 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں نے ہلاک کردیا تھا۔

اتل بورا نے عادل حسین شاہ کے خاندان کو حکومت آسام کی طرف سے 5 لاکھ روپئے کا چیک بطور ریلیف دیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں اُنہوں نے کہاکہ وہ لفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کریں گے اور اس گھوڑے والے کی فیملی کے لئے کچھ مدد کرنے کو کہیں گے جو کمانے والے واحد فرد سے محروم ہوگئی۔

اُنہوں نے کہاکہ ہم چیف منسٹر عمر عبداللہ سے بھی ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن وہ باہر گئے ہوئے ہیں۔

اسی دوران آسام کے چیف منسٹر ہیمنت بشوا شرما نے اتوار کو بتایا کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ریاست میں اب تک 81 افراد کو ’ملک دشمن‘ سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں دو مزید افراد کو اتوار کے دن گرفتار کیا گیا۔

چیف منسٹر نے سوشل میڈیا پلاٹ فام ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کو سونت پور اور کامروپ اضلاع سے ایک ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔