بھارت

سیول سرویسز میں 7 واں رینک حاصل کرنے والے وسیم احمد بھٹ کون ہیں؟

وسیم احمد بھٹ کے والد محمد یوسف بھٹ کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے نے پچھلے سال بھی یہ امتحان کوالیفائی کیا تھا اور اسے 225 واں رینک حاصل ہوا تھا۔

سری نگر: جموں و کشمیر کے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان وسیم احمد بھٹ نے باوقار یو پی ایس سی سیول سروسز امتحان میں ساتواں رینک حاصل کیا ہے۔ ان نتائج کا اعلان آج منگل کو کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
گروپI کے 2عہدیداروں کو آئی اے ایس موقف دیا گیا
روہنی سندھوری کی روپا مودگل کو نوٹس، ہرجانہ کا مطالبہ
تلنگانہ میں 7 آئی اے ایس آفیسرس کو ترقی

جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کے ڈورو علاقے کے رہنے والے وسیم احمد بھٹ نے گزشتہ سال 225 واں رینک حاصل کیا تھا۔

وسیم احمد بھٹ کے والد محمد یوسف بھٹ کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے نے پچھلے سال بھی یہ امتحان کوالیفائی کیا تھا اور اسے 225 واں رینک حاصل ہوا تھا تاہم اب یہ اس نے ساتواں رینک حاصل کیا جس پر میں بے حد خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اننت ناگ اور کشمیر کے لئے ایک متاثر کن اور خوشی کی خبر ہے۔ ہم سب خدا کے بہت شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا خاندان ہمیشہ سے چاہتا تھا کہ وہ (وسیم احمد) آئی اے ایس آفیسر بنے۔ آج اللہ نے ہماری تمام خواہشات پوری کر دی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کے بیٹے نے یو پی ایس سی امتحانات کے لئے بہت محنت کی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا حالانکہ ہمارے خاندان کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی محنت اور لگن آخر کار رنگ لائی۔

اسی دوران نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے وسیم احمد بھٹ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

نیشنل کانفرنس نے ٹویٹر پر کہا کہ ہم اننت ناگ ضلع سے تعلق رکھنے والے وسیم احمد بھٹ کو 7 واں رینک حاصل کرنے اور ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والی پرسن جیت کور کو 11 واں رینک حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔

a3w
a3w