ٹرمپ کے سامنے آپ جھک کیوں گئے؟۔ اروند کجریوال نے وزیراعظم کو للکارا (ویڈیو)
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے دن وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ تھوڑی ہمت دکھائیں اور ہندوستانی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف کے جواب میں امریکہ سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 75 فیصد ٹیرف لگادیں۔
راجکوٹ (پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے دن وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ تھوڑی ہمت دکھائیں اور ہندوستانی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف کے جواب میں امریکہ سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 75 فیصد ٹیرف لگادیں۔
راجکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کجریوال نے دعویٰ کیا کہ 31 دسمبر تک امریکہ سے کپاس درآمدات کو 11 فیصد ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کا مرکز کا فیصلہ ہندوستان کے کپاس کسانوں کو نقصان پہنچائے گا۔ اس سے امریکی کسان امیر اور گجرات کے کاشتکار غریب ہوجائیں گے۔
ہندوستان میں جاریہ سال دسمبر تک خام کپاس کو امپورٹ ڈیوٹی استثنیٰ حاصل ہے۔ کجریوال نے کہا کہ وزیراعظم سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ جرأت مندی کا مظاہرہ کریں۔ سارا ملک آپ کے پیچھے کھڑا ہے۔ امریکہ نے ہندوستان سے برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف لگائی ہے‘ آپ امریکہ سے امپورٹ پر 75 فیصد ٹیرف لگادیں۔
ملک اسے برداشت کرنے کے لئے تیار ہے‘ آپ صرف ٹیرف لگادیں۔ اس کے بعد دیکھئے ٹرمپ جھکتا ہے یا نہیں۔ دہلی کے سابق چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان پر 50 فیصد امریکی ٹیرف سے ڈائمنڈ ورکرس بھی متاثر ہوئے ہیں کیونکہ مودی حکومت نے امریکی صدر ٹرمپ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ کجریوال‘ضلع سریندرنگر میں کسان مہاپنچایت میں شرکت کے لئے گجرات آئے ہوئے تھے جو موسلادھار بارش کی وجہ سے ملتوی ہوگئی۔
#WATCH | Delhi | AAP National Convenor Arvind Kejriwal says, "From August 19, the Modi government at the centre has removed the 11% (import) duty. Now, cotton being imported from the US will be cheaper than the cotton produced by Indian farmers by Rs 15 to 20 per kilogram…… pic.twitter.com/sEnRs5TTEL
— ANI (@ANI) September 7, 2025
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے جب ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف لگائی تو مودی نے بدلہ میں ٹیرف بڑھائی نہیں بلکہ امریکہ سے کپاس درآمدات پر 11 فیصد ڈیوٹی گھٹادی۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیراعظم جھکے کیوں اور اتنے کمزور کیوں ہوگئے۔ عام آدمی پارٹی قائد نے نشاندہی کی کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی مارکٹ ہے اور یہاں کے لوگ مودی کے پیچھے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ بزدل آدمی ہے۔
اگر تمام ممالک اٹھ کھڑے ہوں تو وہ جھک جائے گا۔ 4 امریکی کمپنیاں بند کردیجئے امریکنس مشکل میں پڑجائیں گے۔ انہوں نے امریکہ کے سامنے ہندوستان کی ”بے بسی“ پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کے دباؤ میں ہماری مرکزی حکومت نے 11 فیصد ڈیوٹی ہٹاکر ہمارے ملک کے کسانوں کو خودکشی پر مجبور کردیا۔
کجریوال نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے جن دیگر ممالک پر ٹیرف لگائی انہوں نے اس کا سخت جواب دیا جس کے نتیجہ میں امریکی صدر کو جھکنا پڑا لیکن ہندوستان نے ایسی کوئی کارروائی نہیں کی۔