اڈانی کے خلاف ای ڈی کے دھاوے کیوں نہیں؟ مودی و امیت شاہ کے بیانات جھوٹ کے سواء کچھ نہیں: کے نارائنا
سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ حالیہ دنوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دورہ تلنگانہ کے دوران صرف جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔

حیدر آباد: سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ حالیہ دنوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دورہ تلنگانہ کے دوران صرف جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔
عادل آباد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے کے سی آر اور اُن کے افراد خاندان پر کی گئی تنقیدوں اور الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے مطابق کے سی آر اپنی دختر کویتا کو بچانے میں مصروف ہیں۔
مگر حقیقتاً کویتا کو بی جے پی بچا رہی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ دہلی شراب اسکام کے معاملہ میں کے سی آر، وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔
صرف عام آدمی پارٹی قائد منیش سسوڈیا کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔
سی پی آئی قائد نے کہا کہ ساری دنیا کو معلوم ہے کہ گوتم اڈانی بدعنوانیوں میں ملوث ہے، مگر پھر بھی سی بی آئی یا ای ڈی ان کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے، یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔