’’ہماری ماں کی اس طرح تذلیل کیوں کی گئی؟‘‘ کونڈا سشمیتا کا ریونت ریڈی پر شدید حملہ
جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے سشمیتا نے سوال کیا کہ ’’ہماری ماں کو اس طرح کیوں ذلیل کیا گیا؟ آخر انہوں نے کیا غلط کیا تھا؟‘‘ انہوں نے اپنے والدین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں پہلے معلوم ہوتا کہ ان کے بیان کی وجہ سے ان کی والدہ کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا تو وہ کبھی اس انداز میں بات نہ کرتیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی سابق وزیر کونڈا سُریکھا کی دختر کونڈا سشمیتا نے اپنی والدہ کے ساتھ مبینہ طور پر روا رکھے گئے سلوک پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے سشمیتا نے سوال کیا کہ ’’ہماری ماں کو اس طرح کیوں ذلیل کیا گیا؟ آخر انہوں نے کیا غلط کیا تھا؟‘‘ انہوں نے اپنے والدین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں پہلے معلوم ہوتا کہ ان کے بیان کی وجہ سے ان کی والدہ کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا تو وہ کبھی اس انداز میں بات نہ کرتیں۔
سشمیتا نے سوال کیا کہ کیا کوئی چیف منسٹر اس حد تک جا سکتا ہے کہ یہ کہے کہ پارٹی میں یا تو میں رہوں یا وہ؟ انہوں نے اپنے سابقہ بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی سمجھتی ہیں کہ ان کے الفاظ میں کوئی غلطی نہیں تھی۔ ان کے مطابق اگر کوئی غلطی ہوئی بھی تھی تو اس کی ذمہ داری ان کی اپنی تھی اور کارروائی بھی ان ہی کے خلاف ہونی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کبھی توقع نہیں تھی کہ ریونت ریڈی ایک ایسی خاتون سے اس قدر ناراضگی رکھیں گے جو ایک عام کارکن کی حیثیت سے سیاسی سفر شروع کرکے وزیر کے عہدے تک پہنچی ہیں۔
کونڈا سشمیتا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کانگریس پارٹی کو بدنام نہیں کیا بلکہ صرف ایک فرد کے بارے میں بات کی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان کی والدہ کی ایسی ایک غلطی بھی بتائی جائے جس کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سشمیتا نے کہا کہ ان کی والدہ کے محکمہ میں معمولی سی بھی بدعنوانی نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ نام نہاد ’’ریونت میڈیا‘‘ دانستہ طور پر ان کی والدہ کی سیاسی ساکھ اور قد کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اپنے والدین کی جانب سے مبینہ طور پر ریونت ریڈی یا کسی دوسرے وزیر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کی ہدایت کے الزامات کو بھی سشمیتا نے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ انہیں کسی کی توہین کرنے کے لیے کیوں کہیں گی اور ان کے والد، جو ایم ایل سی کے عہدے کے خواہش مند ہیں، آخر انہیں ایسا کرنے کی ہدایت کیوں دیں گے؟
سشمیتا نے دعویٰ کیا کہ کانگریس ہائی کمان ان کی والدہ کے حق میں تھی، تاہم ان کے مطابق ریونت ریڈی کی جانب سے دباؤ اور مبینہ بلیک میلنگ کے باعث ہائی کمان کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے ریونت ریڈی کے بھائیوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر بعد میں تفصیل سے بات کریں گی۔
کونڈا سشمیتا نے واضح کیا کہ ان کے والدین کانگریس پارٹی میں ہی رہیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں معلوم ہوتا کہ ان کی باتوں کے نتیجے میں ان کی والدہ کو اس طرح کی تذلیل کا سامنا کرنا پڑے گا تو وہ اس انداز میں کبھی بیان نہ دیتیں۔