شمالی بھارت
گیان واپی مسجد کامپلکس کے سروے کی درخواست کی سماعت پر آمادگی
یہ مسجد‘ کاشی وشواناتھ مندر سے متصل ہے۔ ہندو فریق کے وکیل وشنو شنکر جین کی درخواست قبول کرتے ہوئے ضلع جج اے کے وشویش نے گیان واپی مسجد کمیٹی سے کہا کہ وہ 19مئی تک اپنا جواب داخل کرے۔
وارانسی: مقامی عدالت نے منگل کے دن اس درخواست کی سماعت پر آمادگی ظاہر کی کہ محکمہ آثارِ قدیمہ (اے ایس آئی) کے ذریعہ گیان واپی مسجد کے سارے احاطہ کا سروے کرایا جائے۔
یہ مسجد‘ کاشی وشواناتھ مندر سے متصل ہے۔ ہندو فریق کے وکیل وشنو شنکر جین کی درخواست قبول کرتے ہوئے ضلع جج اے کے وشویش نے گیان واپی مسجد کمیٹی سے کہا کہ وہ 19مئی تک اپنا جواب داخل کرے۔ سرکاری وکیل مہندرناتھ پانڈے نے یہ بات بتائی۔
عدالت نے معاملہ کی آئندہ سماعت 22 مئی کو مقرر کی۔ جمعہ کے دن الٰہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد کے احاطہ میں پائی گئی اُس شئے کی عمر‘ جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ معلوم کرنے کا حکم دیا تھا جس کے تعلق سے عویٰ کیا گیا ہے کہ وہ شیولنگ ہے۔ کاربن ڈیٹنگ کے ذریعہ پتہ چلایا جاتا ہے کہ کوئی شئے کتنی پرانی ہے۔