خاتون نے بغیرٹکٹ کے امریکہ سے فرانس کا سفر کرلیا، حیران کن واقعہ
یہ غیر معمولی واقعہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں تعطیلات کے باعث مسافروں کا بے پناہ رش تھا۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون نے ہوائی سفر کیلئے ضروری تمام چیک پوائنٹس کو دھوکہ دے دیا۔
واشنگٹن: بغیر ٹکٹ بس یا ٹرین میں سفر کرنا عام بات سمجھی جاتی ہے، لیکن ایک امریکی خاتون نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے بغیر ٹکٹ ہوائی جہاز کے ذریعہ امریکہ سے فرانس کا سفر کیا۔
یہ غیر معمولی واقعہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں تعطیلات کے باعث مسافروں کا بے پناہ رش تھا۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون نے ہوائی سفر کیلئے ضروری تمام چیک پوائنٹس کو دھوکہ دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق، مذکورہ خاتون نے پہلے شناختی کاؤنٹرز کو بائی پاس کیا، پھر بورڈنگ پاس کے اسٹیشن سے بھی بغیر کسی رکاوٹ کے گزر گئیں اور جہاز میں سوار ہو کر پیرس روانہ ہو گئیں۔
خاتون کے بغیر ٹکٹ ہونے کا راز سفر کے اختتام پر اس وقت کھلا جب جہاز کے عملہ نے محسوس کیا کہ ایک خاتون مسلسل باتھ روم میں چھپی ہوئی ہے۔
جب جہاز پیرس لینڈ کرنے والا تھا تو کپتان نے اعلان کیا کہ ایک سنگین سیکیورٹی مسئلہ کی وجہ سے فرانسیسی پولیس جہاز میں داخل ہو گی۔ تمام مسافروں سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھے رہیں جب تک یہ مسئلہ حل نہ ہو جائے۔
پیرس لینڈنگ کے بعد پولیس نے خاتون کو تحویل میں لے لیا۔ ایئرلائن نے خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی اور یہ بھی واضح نہیں کیا کہ انہوں نے سیکیورٹی چیک پوائنٹس کو کیسے عبور کیا۔
ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) کے ترجمان کے مطابق، خاتون نے دو جگہوں پر سیکیورٹی اسکریننگ مکمل کی تھی، جس کا مطلب ہے کہ وہ کسی ممنوعہ چیز کے ساتھ جہاز پر سوار نہیں ہوئیں۔ اس لیے پرواز کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔
یہ واقعہ ایئرپورٹ سیکیورٹی پر سوالیہ نشان چھوڑ گیا ہے اور اس بات کی وضاحت کی جا رہی ہے کہ رش کے دوران ایسے واقعات کیسے پیش آ سکتے ہیں۔ فرانس میں خاتون کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، اس کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئیں۔