تلنگانہ

خواتین کا بسوں میں مفت سفر، آر ٹی سی کو 7400کروڑ کی ادائیگی: بھٹی وکرامارکہ

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ حکومت تلنگانہ نے بسوں میں خواتین کے مفت سفر پر آر ٹی سی کو7400 کروڑ سے زائد رقم ادا کی ہے۔

حیدرآباد (پی ٹی آئی) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ حکومت تلنگانہ نے بسوں میں خواتین کے مفت سفر پر آر ٹی سی کو7400 کروڑ سے زائد رقم ادا کی ہے۔

سیلف ہیلپ گروپ کی خاتون ارکان میں بلا سودی قرض کی تقسیم کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکہ نے کہا کہ سالانہ20ہزار کروڑ روپے کے بلا سودی قرض کی فراہمی کی فزیبلیٹی پر اپوزیشن اور دیگر کے شکوک وشبہات کے باوجود ریاستی حکومت نے پہلے سال میں ہی 21,632کروڑ بلاسودی قرض تقسیم کردئیے ہیں۔

اس طرح حکومت نے اپنے عزم کی تکمیل کرتے ہوئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے 222.50 کروڑ مفت بس سفر کا فائدہ اٹھایا اور حکومت نے ان خواتین کی طرف سے تلنگانہ آر ٹی سی کو 7400 کروڑ سے زائد رقم واپس کی ہے جس سے انہیں سفر کے اخراجات میں 7000کروڑ کی بچت ہوئی۔

کانگریس حکومت کی جانب سے روبعمل لائے جانے والے مختلف فلاحی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے 96 لاکھ خاندانوں کو فی کس 6 کیلو باریک چاول ہر ماہ مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ کھلے بازار میں اس چاول کی قیمت فی کیلو50 روپے ہے۔

حکومت، اس باریک چاول کی سربراہی کیلئے کوئی چارجس بھی وصول نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بسوں کی خریدی میں سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کی مدد کی جارہی ہے تاکہ یہ خواتین خریداری کے بعد آر ٹی سی میں ان بسوں کو لیز پر دیا جاسکے۔ اب تک150 بسوں کو لیز پر دیا گیا ہے۔

بہت جلد مزید450 بسوں کی خریداری کا منصوبہ ہے۔ راجیو گاندھی آروگیہ شری اسکیم کے تحت حکومت، مستحق مریضوں کو کارپوریٹ ہاسپٹلس میں 10لاکھ روپے تک علاج کے اخراجات برداشت کررہی ہے۔