تقریر میں ”خود مختار“ لفظ کے استعمال پر اعتراض
بی جے پی نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی ہے۔ مرکزی وزیر بھوپیندر یادو کی قیادت میں بی جے پی وفد نے کمیشن سے ملاقات کی۔
بنگلورو: بی جے پی نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی ہے۔ مرکزی وزیر بھوپیندر یادو کی قیادت میں بی جے پی وفد نے کمیشن سے ملاقات کی۔
بھوپیندر یادو نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک میں انتخابی مہم کے دوران سونیا گاندھی نے ”اقتدار اعلیٰ/خود مختار“ لفظ کا استعمال عمداً کیا تھا۔ ان کا ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا ایجنڈا ہے۔ ہندوستان کو کمزور کرنے کا ایجنڈا ہے۔ بھوپیندر یادو نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی جھوٹ کی بنیاد پر تشہیر کررہی ہے۔
ہندوستان کے اتحاد و سالمیت کے لیے جن الفاظ کا استعمال نہیں کرنا چاہیے ان کا استعمال کررہی ہے۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
کانگریس پارٹی اپنے اشتہار میں جس طریقے سے الزام بی جے پی پر عائد کررہی ہے اسے بھی ہم نے الیکشن کمیشن کی نوٹس میں لایا ہے۔ کانگریس نے ہفتہ کو ہبلی میں سونیا گاندھی کی تقریر کا حوالہ دیا۔
اس بیان کو ”حیران کن اور ناقال قبول“ قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر شوبھا کرندلاجے نے الیکشن کمیشن سے اس بیان کے لیے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
بی جے پی کی انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کی کنوینر کرندلاجے نے الیکشن کمیشن سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دینے اور مثالی تعزیری کارروائی کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔